شوکت خانم پنک پولو کپ ماسٹر پینٹس ایف جی پولو کی ٹیم نے جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام شوکت خانم پنک پولو کپ 2020 ء کا فائنل ماسٹر پینٹس /ایف جی پولو کی ٹیم نے جیت لیا، فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو ٹیم کو 8 کے مقابلے ساڑھے گیارہ گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فائنل میں ماسٹر پینٹس /ایف جی پولو اور ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو کی ٹیموں درمیان زبردست مقابلہ ہوا جو ماسٹر پینٹس /ایف جی پولو کی ٹیموں نے جیتا۔ ماسٹر پینٹس /ایف جی پولو کی طرف سے مینول کرانزا نے8 جبکہ احمد علی ٹوانہ نے دو گول کئے۔ ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو کی طرف سے ٹام بروڈی نے چھ گول، میاں عباس مختار اور میر حذیفہ احمد نے ایک ایک گول کیا۔ اختتامی تقریب میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔ کواڈرم نے پرفارم کیا اور اختتام پر آئمہ ملک بینڈ نے پرفارم کیا۔ جناح پولو اینڈ کنٹری کلب میں شوکت خانم کا ایونٹ دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ شوکت خانم کے قائم مقام سی ای او ڈاکٹر عاصم یوسف، جناح پولو اینڈ کنٹری کلب کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) شعیب آفتاب، سیکرٹری میجر (ر) بابر محبوب اعوان اور پولو فیملیز کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔فائنل میچ سے قبل ہارلے ڈیوڈسن بائیکرز کا شو ہوا۔ پنجاب رینجرز اور ایچی سن کالج کی ٹیموں نے نیزا بازی پیش کی۔