وزیراعظم دھمکیاں نہ دیں بوریا بستر باندھ لیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ریڈ لائنز کراس نہیں کر رہی۔ آئینی ریڈ لائینز ڈرا کر رہی ہے۔ منہ پر ہاتھ پھیرا اور شہباز شریف کو جیل میں ڈال دیا اور کیا کرو گے؟۔ عظمیٰ بخاری کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹ چور صرف معیشت تباہ کر سکتا اور اداروں کے پیچھے چھپنے والا، ناکام سیاست کے لئے اداروں کو استعمال کرنے والا، اپنی ناکامی، نااہلی اور کرسی بچانے کے کیلئے اداروں کے کندھے استعمال کرنے والا کس منہ سے اداروں کو ٹھیک کرنے کی بات کر رہا ہے۔ عمران صاحب آئندہ آنے والے دنوں میں عوام نے ووٹ، آٹا، چینی، بجلی، گیس چور کے ساتھ کیا کرنا پورا پاکستان دیکھے گا۔ آنے والے دنوں کی دھمکی اپوزیشن اور عوام کو نہ دیں بلکہ آنے والے دنوں میں اپنا بوریا بستر باندھ لیں۔ بنی گالہ سے بھی سامان باندھ لیں، ٹکٹ کٹوالیں، جاتے ہوئے کرائے کے ترجمانوں کو ساتھ لیجانا نہ بھولئے گا۔ کراچی کے واقعہ کو 14 دن ہو چکے ہیں لیکن اب تک اس سنگین واقعہ کی رپورٹ نہیں آئی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے ذاتی طور پر کہا تھا کہ دس دن میں یہ رپورٹ آئے گی۔ مریم نوازشریف کے کمرے پر وہی دہشت گردی ہوئی، دھاوا بولاگیا جس کی دھمکیاں وزیراعظم اور وزیرداخلہ دے رہے ہیں۔ عمران صاحب عوام آج ملک میں چینی 52 نہیں، 110 روپے، آٹا 35 روپے نہیں، 80 روپے خرید رہے ہیں۔ 5.8 فیصد پر ترقی کرتی معیشت کی شرح آج منفی0.4 فیصد پر پہنچ چکی ہے ۔ یہ اعدادوشمار سرکاری ہیں۔ ووٹ چور نہ معیشت ٹھیک کر سکتا ہے، اداروں کی طرف تو دیکھیں ہی ناں۔ مطالبہ کرتی ہوں کہ مال روڈ پر بھارتی جھنڈے اور مودی کی تصویر کس نے لگائی، پتہ لگایا جائے۔ کبھی بے نامی محب وطن شہباز شریف کے خلاف درخواست دیتے ہیں، کبھی ایاز صادق کو غداری کے فتوی اور سرٹیفیکیٹ بانٹتے ہیں۔ سیاسی مخالفین کو غدار ثابت کرنے کی بے وقوفی اور سازش میں یہ انڈیا کے جھنڈے اور مودی کی تصویریں لگاتے ہیں۔ شرم کرو۔ ایاز صادق محب وطن نہیں تو کوئی بھی محب وطن نہیں۔ محمد نواز شریف کی قیادت میں ووٹ کی عزت، آئین، پارلیمان کی بالادستی والا نیا پاکستان بننا شروع ہوگیا ہے۔