• news

ساہیوال: لین دین کے تنازعہ پر زمیندار نے 2 کمسن بہن بھائیوں کو آگ لگا دی

ساہیوال (نامہ نگار) لین دین کے تنازعہ پر بااثر زمیندار نے 2 کمسن بہن بھائیوں کو تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ دونوں کے جسم کا زیادہ تر حصہ جل گیا۔ پولیس ملزم کیخلاف کارروائی سے گریزاں۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ فرید ٹاؤن کے علاقے 89 سکس آر میں دو معصوم بہن بھائیوں کو بااثر زمیندار نے تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ محلے داروں نے دونوں بچوں کو آگ بجھا کر بچایا۔ آگ کی وجہ سے بچوں کا زیادہ تر جسمانی حصہ جل گیا۔ پولیس بااثر زمیندار کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ بروز جمعۃ المبارک عید میلاد النبیؐ کے روز محمد نوید رحمانی کے بیٹے اور بیٹی دونوں باہر نکلے تو 89/6 R کے بااثر رہائشی زمیندار جاوید آلو والے کے بیٹے محمد محسن نے اپنے باپ اور چند دوستوں  کے ساتھ مل کر  نوید رحمانی کے بچوں پر پٹرول پھینک کر آگ لگانے کی کوششں کی۔ گاؤں کے لوگوں نے  بچوں کو سول ہسپتال پہنچا دیا۔ جاوید آلو والا اپنے بااثر ہونے کی وجہ سے اب بھی دھمکیاں دے رہا ہے۔ ایف آئی آر بھی نہیں ہونے دے رہا جبکہ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ محمد نوید رحمانی کے بچوں کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس سے اپیل کرتے ہیں۔ ان ملزموں کو جلد گرفتار کیا جائے اور اس غریب انسان کے بچوں کو انصاف دیا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال میں بچوں کو آگ لگانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملزمان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن