شریعت نافذ، فرانسیسی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے: علامہ زبیر ظہیر
لاہور(نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ فر انس میں توہین آمیز خاکوں کا موثرجواب دینے کیلئے حکومت فوری طور پر ملک میں محمد عربی کی شریعت کا نفاذ کر ے اور سرکاری سطح پر فرانس کی مصنوعات کو بند کیا جائے۔ تاجر حضرات اور عوام بھی فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ گستاخی رسول کا عملی جواب صرف اور صرف یہی ہے 'وزیراعظم پاکستان کو کبھی ریاست مدنیہ کی بات کرتے ہیں 'کبھی پاکستان میں چائنہ 'کبھی ترکی اور کبھی ملا ئیشیا کے نظام کی بات کرتے ہیں۔ حالانکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور لاکھوں مسلمانوں نے کسی اور نظام کے لیے نہیں صرف اسلام کے نفاذ کے لیے قربانیاںدی ہیں۔ وہ اتوارکے روز لاہور میں اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اجلاس میں اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے ڈاکٹر سید طالب الر حمن شاہ زیدی ' مولانا عبد الستار نیازی 'پروفیسر فیاض احمد سلفی 'مولانا جان محمد بٹ 'پیرولی اللہ شاہ بخاری 'مولانا محمد عبدا للہ فاروقی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ہے۔ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں کبھی چائینہ اور کبھی ملائیشیا اور کبھی پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی بات کرتے ہیں۔ سمجھ نہیں آتی کہ عمران خان اس ملک کیساتھ کر نا کیا چاہتے ہیں اور وہ کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ آئے روز پاکستان میں کسی نئے نظام کی بات کر کے دنیا میں پاکستان کا مذ اق بنا رہے ہیں۔ عمران خان بتائے کیا وہ پاکستان کو ریاست مدنیہ بنانے کا وعدہ بھول چکے ہیں یا اس منصوبے میں ناکام ہوچکے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ چین ایک غیر مسلم ملک ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو چاہیے وہ پاکستان میں چائنہ کا نظام لانے کے حوالے سے اپنے بیان کو نہ صرف واپس لیں بلکہ اس پر قوم سے معافی بھی مانگیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کر یں گے تو ہم کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے اور اسکے خلاف پورے ملک میں احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر حکومت کا صرف مذمت کرنا کافی نہیں۔