مظفرگڑھ: بغیر اجازت تقریب‘ جماعت اسلامی کے رہنما پر دہشتگردی کا مقدمہ
مظفرگڑھ( نیٹ نیوز) مظفرگڑھ میں بغیر اجازت اور فورتھ شیڈول میں شامل ہونے کے باوجود حلف برداری کی تقریب منعقد کرانے پر جماعت اسلامی کے مقامی رہنما رانا شمشاد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح مظفر گڑھ کے نواحی علاقے علی پور شمالی میں جماعت اسلامی کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بغیر این او سی تقریب منعقد کرنے پر جماعت اسلامی کے مقامی رہنما رانا شمشاد کے خلاف مقدمہ تھانہ صدر مظفرگڑھ میں درج کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ درج مقدمے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی تقریب میں شرکت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق فورتھ شیڈول میں شامل رانا شمشاد نے بغیر این او سی تقریب منعقد کرکے حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔