• news

دنیا کا بلند ترین بیس بال میدان پاکستان نے امریکہ سے اعزاز چھین لیا 

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان فیڈریشن بیس بال نے دنیا کے بلند ترین مقام پر بیس بال میچز کا انعقاد کرواکر تاریخ رقم کردی ۔ فیڈریشن نے دنیا کے بلند ترین مقام سکردو پر نمائشی بیس بال میچ کا انعقاد کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا‘اس سے قبل یہ اعزاز امریکہ کے پاس تھا۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے بتایا کہ فیڈریشن نے دنیا کے بلند ترین مقام سکردو پر پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کی ٹیموں کے درمیان بیس بال کے نمائشی میچ کا انعقاد کیا۔ میچ کے بعد سکردو میں واقع بیس بال گرائونڈ دنیا کا بلند ترین گرائونڈ بن گیا ہے ۔ سکردو کی اونچائی سطح سمندر سے 7310   فٹ ہے ۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال نے دنیا کے بلند ترین بیس بال گرائونڈ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ سکردو میں تاریخی میچ کے مہمان خصوصی الجلیل گارڈن کے سی ای او چوہدری نصراللہ وڑائچ تھے ۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ اور گلگت بلتستان بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم عباس نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ فیڈریشن کے نائب صدر حیدر خان لہری ، محمد حمود لکھوی ، ممبر ایٹ لارج مس حمیرہ کامران اور گلگت بلتستان بیس بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل طاہر حسین بھی موجود تھے ۔ مہمان خصوصی نے بال پچ کرکے میچ کا افتتاح کیا۔ پہلے نمائشی میچ میں پاکستان گرین نے پاکستان وائٹ کو 9 - 3  سے ہرا دیا۔ پاکستان گرین کی جانب سے سمیر زوار نے 2 رنز بنائے جس میں ایک ہوم رن بھی شامل تھا ۔ دیگر کھلاڑیوں میں فقیر حسین ، اسد علی ، ذاکر ، محمد شاہ ، محمد وسیم ، واحداور ناصر ملنگی نے ایک ایک رن بنایا۔ پاکستان وائٹ کے عالمگیر خان، امین آفریدی اور فضل الرحمن نے ایک ایک رن بنایا۔ میچ میں چیف امپائر کے فرائض جمیل کامران نے انجام دئیے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخرعلی شاہ نے کہا کہ فخر ہے کہ ہم نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا اور دنیا کے بلند ترین بیس بال گرائونڈ کا ریکارڈ قائم کیا۔نمائشی میچز کے انعقاد سے گلگت بلتستان میں بیس بال کی پروموشن اور ڈیویلپ منٹ میں مدد ملے گی۔مہمان خصوصی چوہدری نصراللہ وڑائچ کا کہنا تھا کہ خوشی ہے وہ اس تاریخی موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ مستقبل میں بھی بیس بال کی ترقی و ترویج کے لئے فیڈریشن کا ہر ممکن ساتھ دیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن