• news

دوبارہ لاک ڈاؤن کا خدشہ: سٹاک مارکیٹ میں مندا‘ 144 ارب ڈوب گئے

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کرونا میں اضافے کے پیش نظر ایک بار پھر لاک ڈاؤن کے خدشات کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز مندی کا رجحان رہا اور سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔ ملک میں کرونا کے بڑھتے کیسز اور دوبارہ لاک ڈاؤن کے خوف کے سبب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاری کا منفی رجحان رہا اور  سرمایہ کاروں کو 144 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ نئے ماہ کے آغاز اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز ایک موقع پر 100انڈیکس ایک ہزار 111 پوائنٹس کم ہوا  تاہم کاروبارکے اختتام پر 100انڈیکس میں 775.82 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 39 ہزار 112 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ شیئرز بازار میں 396کمپنیوں کے 32کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 11 ارب 96 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 144 ارب روپے کم ہو کر 7 ہزار 255 ارب روپے رہا۔ مارکیٹ میں کمی کے باعث سب سے زیادہ نقصان کمرشل بینکوں کو اٹھانا پڑا‘ جس کے بعد تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں‘ سیمنٹ اور تیل اور گیس کی مارکیٹنگ کمپنیاں شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن