• news

اتحادی حکمرانوں کو نیک مشورے، ہدایات دینا ہمارا فرض، پورا کر رہے ہیں: شجاعت 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اتحادی حکمرانوں کو نیک مشورے اور ہدایات دینا ہمارا فرض ہے جو پورا کر رہے ہیں۔ وہ اور ان کے صاحبزادے چودھری سالک حسین پاکستان مسلم لیگ راولپنڈی کے صدر زبیر خان اور سیکرٹری جنرل فیاض تبسم سے گفتگو کر رہے تھے۔ زبیر خان کو ان کے صاحبزادے کی شادی اور راولپنڈی مسلم لیگ ہائوس میں کرونا ریلف کیمپ میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر مبار باد دی اور کہا کہ کرونا کی دوسری لہر کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریلف کیمپ میں خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں لیکن آپ لوگ بھی ان کی اصلاح کا عمل جاری رکھیں۔ ہمیں اﷲ تعالیٰ سے معافی بھی مانگنے کے ساتھ ساتھ شکر بھی ادا کرناچاہیے کہ ہم دنیا کے مقابلے میں کرونا سے بچے ہوئے ہیں۔ چودھری سالک حسین نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ غریب عوام کو ہر ممکن حد تک ریلیف پہنچائیں، ہمارے بزرگوں کا ہمارے لئے سیاست میں یہی اولین سبق ہے۔ ہم اپنے خاندان کی ان روایات کو جاری رکھیں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وہ جلد راولپنڈی مسلم لیگ ہائوس کا دورہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن