• news

گلگت، بلتستان میں عام الیکشن نہیں ریفرنڈم ہے، عمران کی سیاست منافقت پر مبنی: بلاول

غذر+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نمائندہ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست منافقت پر مبنی ہے۔ یاسین غذر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی کا منشور گلگت بلتستان کے لوگوں کا منشور ہے، ہمارا منشور کسی کے اشارے پر نہیں بنا، پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت اور حق مالکیت دلوائے گی، 15 نومبر ہمارے اور آپ کے امتحان کا دن ہے، یہ عام الیکشن نہیں ایک ریفرنڈم ہے، ہم الیکشن جیتیں گے اور کوئی نہیں کہہ سکے گا کہ یہ سازش کا نتیجہ ہے۔  پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور مواصلاتی معاہدے سے گلگت بلتستان میں ترقی کا آغاز ہوا تھا، سی پیک منصوبہ گلگت بلتستان اور گوادر کی وجہ سے ملا لیکن سی پیک کے تحت گلگت بلتستان کے لوگوں کو ابھی تک حصہ نہیں ملا، گلگت بلتستان کے لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا ہے، وزیراعظم عوام کی طاقت سے ڈرے ہوئے ہیں، عمران خان کے آنے سے کرپشن، بیروزگاری اور رشوت خوری میں اضافہ ہوا، عمران نے 100 دن میں تبدیلی کا وعدہ کیا، جنوبی پنجاب والوں کو بھی 100 دن میں الگ صوبہ دینے کا وعدہ کیا تھا، اب کہتے ہیں تبدیلی سوئچ نہیں کہ آن کیا جائے، جب تک سب کے لئے بھی ایک جیسا قانون نہیں ہوگا کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کہتے ہیں گلگت بلتستان میں انتخابات کی وجہ سے کسی پیکج کا اعلان نہیں کر رہا‘ وزیراعظم دو سال سے کہاں تھے؟ انہیں پہلے گلگت بلتستان کا خیال کیوں نہیں آیا؟ آپ نے کیا کیا؟ کس کو پیکج دیا؟ وزیراعظم نے کہا کہ سوچتا ہوں کہ گلگت بلتستان والوں کو صوبہ دے دوں‘ وزیراعظم الگ صوبے کی بات کو اپنے منشور میں شامل کر کے دکھائیں۔ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو نام‘ شناخت‘ اسمبلی‘ گورنر اور وزیراعلیٰ دلوایا‘ گلگت بلتستان کے عوام کا مطالبہ ہے کہ انہیں الگ صوبہ اور پارلیمان میں نمائندگی دی جائے۔ منافق اور کٹھ پتلی وزیراعظم کو فارغ کر دیں گے۔ جھوٹا وزیراعظم کہتا ہے کرپشن کم کرے گا۔ اب وزیراعظم کہتا ہے کہ کوئی میجک نہیں کہ بٹن دبائیں اور کرپشن ختم ہو جائے۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے ایک قانون بنانے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن