غیر قانونی قبضہ والے کشمیر میں کمانڈر ڈاکٹر کی شہادت پر مظاہرے، پیلٹ گن فائرنگ شیلنگ متعدد زخمی
سری نگر(کے پی آئی)حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف کمانڈر ڈاکٹر سیف اللہ میر المعروف غازی حیدر کی سری نگر میں شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں صورت حال کشیدہ ہوگئی ہے ۔ ڈاکٹر سیف اللہ کی شہادت پر کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ سری نگر اورضلع پلوامہ میں انٹر نیٹ سروس معطل ہے ۔ سری نگر کے علاقے رنگریٹ میںڈاکٹر سیف اللہ کی شہادت کے بعدمقامی نوجوانوں کی ٹولیاں گھروں سے باہر نکل آئیں اور بھارتی فورسز پر پتھرائو کیا۔ فورسز نے احتجاجی نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے مظاہرین پر پیلٹ گنوں سے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔ مظاہرین 'گو انڈیا گو اور 'ہم چاہیں آزادی کے نعرے لگا رہے تھے۔ بھارتی فورسز اورمظاہرین کے مابین جھڑپوں میں کئی مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں۔ ادھر ڈاکٹر سیف اللہ میر المعروف غازی حیدر کے آبائی علاقے پلوامہ میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔کے پی آئی کے مطابق حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف کمانڈر ڈاکٹر سیف اللہ میر المعروف غازی حیدر اتوار کو سری نگر میں اولڈ اور نیو ائر پورٹ کے درمیانی علاقہ وائوسہ گوگو لینڈ رنگریٹ سرینگر علاقے میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہوگئے تھے ۔ بھارتی فورسز نے محمد شفیع گنائی نامی شخص کو بھی گرفتار کر لیا ہے ۔ ڈاکٹر سیف اللہ میر انہی کے گھر ٹھہرے ہوئے تھے ۔جنوبی ضلع پلوامہ کے ملنگ پورہ سے تعلق رکھنے والے سیف اللہ میر عرف غازی حیدر نے 2014 میں ریاض نائیکو کے مشورے پر حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 2018 میں جب بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے کشمیر میں سرگرم 17 حریت پسندوں کی 'ہٹ لسٹ' مرتب کی تو اس میں ریاض نائیکو پہلے جبکہ سیف اللہ میر دوسرے نمبر پر تھے۔نائیکو کی طرح سیف اللہ میر کو بھی بھارتی ایجنسیوں نے اے پلس پلس یعنی انتہائی مطلوب افراد کے زمرے میں رکھا تھا۔ یعنی ان کے سر کی قیمت ساڑھے بارہ لاکھ روپے رکھی گئی تھی ۔سیف اللہ میر وہ حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر بنائے جانے سے قبل ضلع کمانڈر پلوامہ تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمین سید علی گیلانی نے حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف کمانڈر ڈاکٹر سیف اللہ میر المعروف غازی حیدر کی سری نگر میں شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔کے پی آئی کے مطابق حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف کمانڈر ڈاکٹر سیف اللہ میر المعروف غازی حیدر اتوار کو سری نگر میں بھارتی فوج سے جھڑپ میں شہید ہوگئے تھے ۔سید علی گیلانی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہم کمانڈر سیف اللہ کو اسکی بہادری شجاعت پر انہیںخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف کمانڈر ڈاکٹر سیف اللہ میر المعروف غازی حیدر کی سری نگر میں شہادت کے بعد رواں سال اب تک شہید ہونے والے حریت پسندوں کی تعداد192 ہو گئی ہے ۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق شہید ہونے والوں میں ایک درجن اعلی کمانڈر بھی شامل ہیں۔بھارتی اعداد و شمار کے مطابق حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف کمانڈر کی شہادت کے ساتھ کشمیر میں رواں برس اب تک مارے جانے والے حریت پسندوں کی تعداد بڑھ کر 192 ہوگئی ہے۔