فردوس عاشق اعوان معاون خصوصی اطلاعات وزیر اعلی پنجاب مقرر، 2 صوبائی وزرا فارغ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب حکومت نے فردوس عاشق اعوان کو وزیر اعلی پنجاب کا معاون خصوصی مقرر کردیا جبکہ فیاض الحسن چوہان سے محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری واپس لے لی گئی، ان کے پاس محکمہ اطلاعات کا اضافی چارج تھا، وہ بدستور صوبائی وزیر کالونیز رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیر اعلی پنجاب کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔ وہ سپیشل اسسٹنٹ برائے اطلاعات کے طور پر فرائض سر انجام دیں گی۔ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں صوبائی کابینہ سے دو وزراء کی کمی کر دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر مہر محمد اسلم سے کوآپریٹوز اور زوار حسین وڑائچ سے جیل خانہ جات کے قلمدان واپس لے لئے گئے ہیں۔ محکمہ اطلاعات پنجاب کا چارج بھی فردوس عاشق اعوان کے پاس ہو گا۔