اپوزیشن کا رویہ ملکی مفاد کے منافی، عثمان بزدار: اداروں کیخلاف بیانات کی مذمت
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا نے ملاقات کی۔ اظہر عباس چانڈیا نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے حلقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اظہر عباس چانڈیا نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا اور اداروں کے خلاف متنازعہ بیانات کی شدید مذمت کی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ خلوص نیت سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ منتخب نمائندوں کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔ کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ سابق حکومتوں نے چھوٹے شہروں کو ترقی کے سفر سے محروم رکھا۔ مظفرگڑھ اور جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کی جانب وسائل کا رخ پہلی بار موڑا گیا ہے۔ قومی ادارے ہمارا فخر ہیں۔ اداروں کو متنازعہ بنانا پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے اور عوام کی طاقت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جس شاخ پر بیٹھی ہیں، اس درخت کو ہی کاٹ رہی ہیں۔اپوزیشن رہنمائوں کا رویہ ملکی مفادات کے منافی ہے۔ کل بھی اداروں کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔ رکن صوبائی اسمبلی اظہر عباس چانڈیا نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ ہماری بات سنی اور مسائل حل کئے ہیں۔ آپ نے ہمیں عزت و احترام دیا ہے۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر دارالسلام لائبریری باغ جناح لاہور اور علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ کیلئے خصوصی فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ صوبے کے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہیں۔کے پی آر او سیکشن کے سینئر سٹینوگرافر محمد آصف کے والد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں مایوسی کا شکار ہیں۔ قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر عقل و دانش سے عاری ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کو کوئی سمجھ بوجھ نہیں۔ غیر فطری اپوزیشن اتحاد کی شکست و ریخت کا آغاز ہو چکا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے پاؤں اکھڑ گئے۔ اب بھی وقت ہے ہوش کے ناخن لے۔ اقتدار کی ہوس میں اداروں کے خلاف باتیں کرنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں۔ سیاست وقار اور متانت کا نام ہے، بدتہذیبی کی سیاست نہیں چلے گی۔ پاکستان کے ادارے ہمارا وقار ہیں۔ اداروں کی عزت واحترام پر حرف نہیں آنے دیں گے۔ عثمان بزدار نے معروف صحافی الطاف حسن قریشی کے بھائی ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔