رفیق تارڑ کی 91 ویں سالگرہ‘ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وفد کی گھر جاکر مبارکباد
لاہور(نیوز رپورٹر) تحریک پاکستان کے کارکن‘سابق صدر مملکت اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ کی91ویں سالگرہ کے موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین میاں فاروق الطاف کی قیادت میں ایک وفد نے گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی‘ سالگرہ کی مبارکباد دی اور اظہار مسرت کے طور پر انہیں گلدستے پیش کئے۔ وفد میں ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید، بیگم خالدہ جمیل‘ بیگم صفیہ اسحاق‘ ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن اینڈ فنانس ناہید عمران گل‘ ڈپٹی سیکرٹری پروگرامز اینڈ کوآرڈینیشن محمد سیف اللہ چوہدری‘ ڈپٹی سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ عثمان احمد اور ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلی کیشنز نعیم احمد شامل تھے۔ وفد نے ان کے اہل خانہ مسٹر اینڈ مسز فاروق تارڑ‘ سائرہ افضل تارڑ اور ڈاکٹر احمد کے ساتھ مل کر سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور ان کی صحت و درازیٔ عمر کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمدرفیق تارڑ نے کہا کہ پاکستان عطیۂ خداوندی ہے۔ اگر آج ہم عزت و وقار کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں تو یہ اعزاز ہمیں پاکستان کی بدولت ہی حاصل ہے۔ انہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے حسن تدبیر اور معاملہ فہمی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانان ہند کو ان جیسے دیدہ ور رہنما کا ملنا بھی خدائے بزرگ و برتر کی عطائوں میں سے ایک عطا تھی جنہوں نے اپنی صحت اور آرام و سکون قربان کر کے انگریز سامراج اور ہندو بنیے سے پاکستان چھین لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان تحریک پاکستان کا ہراول دستہ تھے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کے باوجود کشمیری مسلمانوں کا عزم و حوصلہ قائم ہے اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ ان کی آزادی کے دن اب بہت زیادہ دور نہیں رہے۔ انہوں نے سیرت النبیؐ کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے کہا کہ ہر سال ماہ ربیع الاول میں اس کانفرنس کا باقاعدگی سے انعقاد اس قومی ادارے کی ایک احسن روایت بن چکی ہے۔ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ محمد رفیق تارڑ جیسے بزرگوں نے تحریک پاکستان میں سرگرم کردار ادا کیا اور آج جو ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں تو یہ نعمت ہمیں انہی بزرگوں کی جدوجہد اور قربانیوں کے طفیل حاصل ہوئی ہے ۔ قبل ازیں شاہد رشید نے ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے جاری پروگراموں کے بارے میں محمد رفیق تارڑ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 3 تا 5 نومبر ایوان کارکنان تحریک پاکستان اور ایوان قائداعظمؒ میں سہ روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس کاانعقاد کیا جا رہا ہے۔