• news

 قائمہ کمیٹی کامعیار پر پورا اترنے کے باوجودبجلی کنکشن نہ دینے پر اظہار تشویش 

اسلام آباد(قاضی بلال؍خصوصی نمائندہ) مانسہرہ کے ایک گھرکو معیار پورا اترنے کے باوجود بجلی کا کنکشن نہ دینے پر متعلقہ افسران کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے کی سفارش کر دی گئی ہے یہ سفارش گزشتہ روز ایوان بالا کی مجلس قائمہ برائے توانائی نے کی ۔ جس کی صدارت سینیٹر فدامحمد نے کی ۔مجلس قائمہ نے یکم جون کو درخواست دینے کے باوجود اور معیار پر پورا اترنے کے باوجودبجلی کا کنکشن نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ کمیٹی کو بتایاگیا کہ یہ گھر ایک ہائوسنگ سوسائٹی کے قریب ہے اس لئے اسے کنکشن نہیں دیا گیا جس پر کمیٹی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پیسکو حکام کو ہدایت کہ اس میں ملوث افسران کو او ایس ڈی بنایا جائے ۔ کمیٹی نے درگئی اور کوہاٹ کے ایک سو بتیس کے وی کے گرڈ سٹیشنز میں آگ لگنے کے واقعات کی رپورٹ کمیٹی کے اگلے کے اجلاس میں پیش کی جائے ۔ پیسکو حکام نے بتایا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیںکہ یہ آگ کس وجہ سے لگی ۔کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے کمیٹی کو بتایا کہ عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے بھر پور کوشش کر رہے ہیں ۔ اوراس حوالے سے نظام کو بہتر بنا رہے ہیں کرنٹ لگنے کے واقعات کے حوالے سے جنوری تک کے اعدادو شمار نیپرا کو فراہم کر دیئے گئے ہیں اور اس حوالے سے متاثرہ لوگوں کو معاوضہ بھی دیدیا گیا ہے۔ کمیٹی نے نیپرا کو ہدایت کہ جن ڈسکوز کی پیداوار صفر اعشاریہ نو فیصد سے کم اس کا جائزہ لے ان میں پیسکو ٗ کیسکو اور سیپکو شامل ہیں جن کی کارکردگی خراب ہے۔ نیپرا حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ان ڈسکوز کوپاور پلان اور اس میں بہتری کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جن کی صلاحیت مطلوبہ معیار سے کم ہے ان کو جرمانے کئے جائیں اور اس حوالے سے کمیٹی کو اس کی رپورٹ دی جائے ۔ سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے کمیٹی کو بتایا پیسکو میں میٹر ریڈرز اور لائن مینوں کی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کے بارے میں بتایا اس کے ساتھ ساتھ پیپکو اور اسٹیبلٹمنٹ ڈویژن کے قواعد کی بنیاد ی قواعد کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں ۔ پیپکو کی جانب سے بنائی کمیٹی کی جانب سے تاحال پیسکو میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ایم ڈی پیپکو نے یقین دلایا کہ اس حوالے سے بہت جلد رپورٹ کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن