• news

ایم سی آئی کا نجی و سرکاری جامعات کی عمارات کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم نجی و سرکاری جامعات کی عمارتوں کو سی ڈی اے بلڈنگ سیفٹی ریگو لیشنز 2010کے تحت آتشزدگی و قدرتی آفات سے محفوظ بنانے کے لئے میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے شعبہ ایمر جنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ایڈیشنل ڈائر یکٹر کی جانب سے عمارتوں کا فی الفور آڈٹ کرانے کا مراسلہ بھیجا گیا ہے، دوسری جانب مراسلہ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی عمارت کا فزیکل آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ روز نامہ’’نوائے وقت‘‘کو دستیاب میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ذیلی شعبہ ایمر جنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ایڈیشنل ڈائر یکٹر عمادالدین محمد کی جانب سے ایگز یکٹیو ڈائر یکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اس شعبہ کا مقصد اسلام آباد میں قائم عمارتوں کو سیفٹی ریگو لیشنز 2010کے تحت قدرتی آفات و آتشزدگی کے واقعات سے محفوظ بنانا ہے، مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ متعدد عمارتیں بالخصوص تعلیمی اداروں کی عمارتوں میں سیفٹی ریگولیشنز کے تحت اقدامات کا فقدان پایا جاتا ہے ۔ اس حوالے سے شعبہ ای اینڈ ڈی ایم کوایچ ای سی کے ماتحت سرکاری و نجی جامعات کی مکمل فہرست فراہم کی جائے تاکہ ان تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا فیلڈ انسپکٹرز کے زریعے فزیکل آڈٹ کیا جائے اور ریگو لیشنز کے تحت عمارتوں میں حفاظتی اقدامات کی کمی کی صورت میں نشاندہی کرتے ہوئے اس پر قابو پانے کے اقدامات کئے جا سکیں۔اس سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن کی عمارت کے فزیکل سروے کی بھی فی الفور اجازت دی جائے تاکہ سیفٹی آڈٹ کیا جا سکے اور مذکورہ عمارت کو محفوظ بنایا جا سکے، اس معاملے پر ترجیحی بنیادوں پراقدامات کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ہی کام کیا جانا چاہئے۔ مراسلہ کی کاپی ڈائر یکٹر ای اینڈ ڈی ایم سمیت چیف آفیسر، سینئر سپیشل مجسٹر یٹ سی ڈی اے ایم سی آئی کو بھی بھیجی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن