اقوام متحدہ کشمیر سے متعلق سیکورٹی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے،صدر مملکت
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق سیکورٹی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے حل کیلئے بھارت سے بات چیت کا راستہ اپنایا۔ صدر نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہمیشہ سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ یہ حل طلب مسئلہ ہے، صدر گذشتہ روز پاکستان میں اقوام متحدہ کے صدر برائے ہیومن کوآرڈینیشن مسٹر جولین ہارنیس سے بات چیت کر رہے تھے۔ اقوام متحدہ کے نمائندے نے ایوان صدر میں صدر سے گذشتہ روز ملاقات کی۔ صدر نے اقوام متحدہ کے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے ایک بار پھر ملٹی لیٹرل ازم کے اصولوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر سے پاکستان کی وابستگی کا اظہار کیا۔ صدر نے اقوام متحدہ کے نمائندے کو بتایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کیلئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں۔ انھوں نے اقوام متحدہ کے نمائندے کو کووڈ 19 کی روک تھام کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ صدر نے بتایا کہ پاکستان اقلیتوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے کوشاں ہے۔ اقوام متحدہ کے نمائندے نے اقلیتوں کیلئے برداشت اور ان کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ صدر کو بتایا گیا کہ اقوام متحدہ پاکستان میں غربت اور بھوک کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ صدر نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے اور ان پر تشویش ظاہر کرنے پر ان کی تعریف کی۔