اکتوبر میں سیمنٹ کی فروخت میں 15 فیصد اضافہ، نئی سطح 57لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ
لاہور( این این آئی)پاکستان میںاکتوبر کے دوران سیمنٹ کی فروخت 15 فیصد اضافے سے 57 لاکھ میٹرک ٹن کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیمز کے تعمیراتی کام کی وجہ سے فروخت میں اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اکتوبر 2020 میں سیمنٹ کی فروخت میں 15 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سیمنٹ فیکٹریاں 100 فیصد صلاحیت پر پیداوار کرنے لگیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیمنٹ کی فروخت اکتوبر 2020 میں 57 لاکھ میٹرک ٹن کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔وزیراعظم کے ہائوسنگ سیکٹر کے پیکیج کی وجہ سے سیمنٹ کی فروخت مزید بڑھے گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال 4 ماہ میں سیمنٹ کی فروخت 20 فیصد اضافے سے ایک کروڑ 93 لاکھ ٹن رہی۔