پی ٹی آئی کا ایاز صادق کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج، مودی کا پتلا نذر آتش
لاہور(نیوز رپورٹر) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدراعجازاحمد چوہدری اور شمالی لاہورکے صدر غلام محی الدین دیوان کی قیادت میں کارکنان نے لاہور پریس کلب کے باہر ایاز صادق کے ملک دشمن بیانیے اور ا فواج پاکستان مخالف بیانات پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کارکنوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ کارکنوں نے ایاز صادق کے خلاف شدید نعرے بازی اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور مودی کا پتلا نذرآتش کیا۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے اعجازاحمد چوہدری اور غلام محی الدین دیوان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ میں افواج پاکستان کے خلاف تقریر کر کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے اس پر پارلیمنٹ میں کمیٹی قائم کی جائے۔ وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے ترجمان نے اپنا دو ٹوک موقف میں واضح کیا تھا کہ اگربھارت نے پاکستان پر جارحیت کرنے کی کوشش کی تو افواج پاکستان ا س کا منہ توڑ جواب دے گی۔ جس کا بھارتی جارحیت کا افواج پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔ بھارت کے دو جہاز مار گرائے اور پاکستان کی غیور عوام نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پکڑ لیا۔ پاکستان نے دنیا میں پرامن رہنے اور اپنی برتری کو ثابت کیا اور ابھی نندن کو رہا کیا۔ ن لیگ مودی کے موقف کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ ایاز صادق کا بیانیہ ملک دشمنی پر مبنی ہے۔ ایاز صادق کا بیان قابل مذمت اور ناقابل معافی ہے۔ ایاز صادق کو پاکستان نہیں بلکہ نواز شریف اور مودی عزیز ہیں۔ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں۔ پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ نوازشریف کے ملک دشمن بیانیے کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔ ن لیگی مسلسل مودی کی بولی بول رہے ہیں۔ ملکی اداورں کے خلاف ن لیگی درباری زہراگلنے سے باز نہیں آرہے۔