• news

پی آئی اے میں احتساب کا عمل جاری، 38 ملازمین کیخلاف ایکشن، 23 برطرف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پی آئی اے میں اصلاحات اور احتساب کا عمل جاری۔ پی آئی اے نے اکتوبر کے مہینے میں 38 ملازمین کے خلاف ایکشن لے لیا۔ ان میں سے کئی برطرف کر دیئے گئے۔ متعدد کو تنزلی کی سزا دی گئی۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان  نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے شعبہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی فہرست جاری کر دی۔ پی آئی اے نے جعلی تعلیمی اسناد کے حامل  پانچ، بغیر اطلاع کے کئی عرصے سے غیر حاضر 06 ملازمین، سرکاری معلومات غیر قانونی طور پر افشا کرنے پر ایک، بدعنوانی اور غبن میں ملوث پانچ، سمگلنگ میں ملوث ایک، سرکاری دستاویزات کی چوری اور ریکارڈ کو نقصان پہنچانے پر پانچ ملازمین کو برخاست کیا گیا۔ پی آئی اے نے احکامات کے مطابق کام نہ کرنے پر تین  ملازمین کی تنزلی کر دی۔ پی آئی اے نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کر نے والے پانچ ملازمین کی تنخواہ میں کمی کر دی۔ سات ملازمین کو تادیبی خطوط جاری کئے گئے ہیں۔ دس ملازمین ضابطے کی کارروائی کے بعد بے قصور پائے گئے۔ پی آئی اے نے اچھی کارکردگی کے حامل 11ملازمین کو تعریفی اسناد بھی جاری کیں جبکہ 05 ملازمین کو کیش ایوارڈ بھی دئیے۔

ای پیپر-دی نیشن