4 ہزار سے زائد صوبائی افسروں کا ایس آر اوز کے خاتمے کیلئے ملک بھر میں احتجاج
لاہور(خصوصی نامہ نگار ) آل پاکستان پراونشل سول سروسز ایسوسی ایشن اور اسکے چاروں صوبائی چیپٹرز کے چار ہزار سے زائد صوبائی افسران نے باقاعدہ علامتی احتجاج شروع کر دیا۔ تمام افسروں نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر دفتری امور سر انجام دئیے۔ اس ضمن میں پی ایم ایس آفیسرز ایسویسی ایشن کے صدر طارق محمود اعوان نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز سے صوبائی سیکریٹریز کا وفاقی و صوبائی حکومتوں سے یہ مطالبہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ایس آر اوز جو کہ صوبائی اسمبلیوں، کابینہ اور وزرائے اعلیٰ کے اختیارات پر ڈاکہ ہیں انکو ختم کیا جائے۔جبکہ آئینی پوزیشن عملداری ہونے تک پی اے ایس کو صوبوں میں 147 پوسٹس تک محدود کیا جائے جبکہ انکے قبضہ سے 1857 صوبائی پوسٹس صوبوں کے حوالے کی جائیں۔ ڈاکٹر عشرت حسین ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور چاروں ایس اینڈ جی اے ڈیز وفاقی و صوبائی حکومتوں سے سول سروسز بابت مسلسل دھوکہ دہی سے کام لے رہے ہیں اور صوبائی افسران سے تحریری وعدے پورے نہیں کر رہے جس سے سول سروس بحران پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4000 صوبائی افسران کا وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ ہے کہ صوبائی بیوروکریسی کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق انصاف کیا جائے۔