• news

 سی پیک شروع کرنے والوں کیخلاف نیب کارروائی‘ چلانے والوں کو استثنیٰ کیوں: شاہد خاقان 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے استثنیٰ پر سوال اٹھادیا۔ شاہد خاقان عباسی کراچی کی احتساب عدالت میں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) میں مبینہ طور پر خلاف ضابطہ بھرتی ریفرنس کی سماعت پر پیش ہوئے۔ اس موقع پر استغاثہ کی جانب سے گواہ نے بیان ریکارڈ کرا دیا۔ گواہ کی جانب سے آئندہ سماعت پر دستاویزات جمع کرائے جائیں گے۔ عدالت نے مزید کارروائی 30 نومبر تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکردگی صفر ہے، سی پیک شروع کرنے والوں کے خلاف نیب کارروائی ہو رہی ہے اور اب سی پیک چلانے والوں کو استثنیٰ دینے کی قانون سازی کی جا رہی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھاکہ حکومت کی نظر میں نیب قانون اچھا ہے تو پھر سی پیک اتھارٹی کیلئے استثنیٰ کیوں دیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور ان سمیت دیگر پر ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے الزام لگائے گئے، حکومت بتائے سوا دو سال میں انہوں نے کیا کرپشن پکڑی ہے؟۔

ای پیپر-دی نیشن