ٹرمپ یا بائیڈن: ووٹنگ مکمل، پہلے پولنگ سٹیشن کے نتیجہ میں ڈیمو کریٹ امیدوار کامیاب
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کے صدارتی الیکشن میں گزشتہ روز ووٹ ڈالے گئے۔ صدر ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ انتخابی نتائج کا اعلان آج متوقع ہے۔ امریکی ریاست نیو ہیمپشائر کے ایک گائوں کے پولنگ سٹیشن میں صدارتی انتخابات کیلئے سب سے پہلے ووٹنگ اور نتائج کا اعلان ہو گیا۔ اس گائوں سے ڈیمو کریٹک امیدوار جو بائیڈن متفقہ طور پر تمام 5 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کی سرحد کے قریب جنگل میں موجود چھوٹے گائوں ڈکس ول ناچ سے صدارتی انتخابات کے لیے سب سے پہلے ووٹنگ کا آغاز ہوا اور ووٹنگ کے کچھ دیر بعد ہی نتائج کا بھی اعلان کر دیا گیا۔ ڈکس ول ناچ کی آبادی 12 افراد پر مشتمل ہے۔ 1960 سے اس گائوں کے رہائشی امریکا میں سب سے پہلے اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہیں۔خاتون اؤل میلانیا ٹرمپ نے ووٹ فلوریڈا کے پولنگ سٹیشن میں ڈالا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب کے نتائج سے قبل ہی کامیابی کے امکانات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ابھی سے اچھا اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹی وی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بہت اچھا لگتا ہے مجھے لگتا ہے کہ ہماری فتح ہوگی۔ جو بائیڈن نے الیکشن کے دن کا آغاز چرچ جانے کے بعد اپنے بیٹے کی قبر پر حاضری سے کیا۔ جوبائیڈن اور ان کی اہلیہ جلی علی الصبح ڈیولینر میں ولمنگٹن کے علاقے بیرنڈیوائن میں سینٹ جوزف چرچ گئے۔