ہنگامہ کیس‘ کیپٹن صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ جاری، مزار قائد پر نعروں کا معاملہ دھمکیوں‘ اسلحہ کی نمائش کی دفعات ختم
لاہور، کراچی (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) مریم نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھگڑا کرنے اور ہنگامہ آرائی کرنے کے کیس میں عدم پیشی پرجوڈیشل مجسٹریٹ حافظ نفیس یوسف نے کیپٹن (ر) محمد صفدر اور جہانزیب اعوان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ ملزموں کے خلاف لاہور کے اسلام پورہ تھانہ میں مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے احکامات جاری کئے ہیں کہ ملزموں کو 5دسمبرکو عدالت میں پیش کیا جائے اور اگر پولیس اہلکار ملزموں کو عدالت میں پیش نہیں کرتے تو پھر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے حوالہ سے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرائے جائیں۔ دوسری جانب کراچی میں پولیس نے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد پر نعرے لگانے کے کیس کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا۔ ان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں پشاور کی عدالت میں پیش ہونا ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہو سکے۔ تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرایا۔ چالان کے مطابق مزار قائد پر توڑ پھوڑ ہوئی ہے نہ ہی کسی بھی قسم کے اسلحہ کی نمائش کی گئی ہے جبکہ دھمکیاں بھی نہیں دی گئیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق مدعی مقدمہ کو کئی بار طلب کیا گیا لیکن انہوں نے بیان بھی نہیں دیا جبکہ مریم نواز کیخلاف کوئی شواہد موصول نہیں ہوئے۔ پراسیکیوٹر نے چالان پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تفتیشی افسر نے قائد اعظم ایکٹ کے متعلق کوئی منظوری نہیں لی اور مزار کے ایڈمنسٹریٹر غلام اکبر کا بیان بھی قلمبند نہیں کیا گیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو اعتراضات دور کرنے کیلئے تین روز کی مہلت دے دی۔ چالان کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر پر دھمکیوں اسلحہ کی نمائش اور مزار کو نقصان پہنچانے کی دفعات ختم کر دی گئی ہیں۔