چیف جسٹس وزیراعظم کی پارلیمنٹ حملہ کیس میں بریت کا نوٹس لیں: رانا ثناء 10 نومبر کو نیب طلب
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ مینار پاکستان پر ہو گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جلسہ کیلئے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں پارٹی عہدیداروں اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شامل ہیں۔ 13 دسمبر کو ثابت ہوگا کہ لاہور جاگ اٹھا ہے، اس کے بعد پورا پاکستان جاگے گا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ حملہ کیس میں استغاثہ نے عمران خان کو غلط بری کروایا، استغاثہ سے پوچھا جائے 6 سال عوام کا وقت کیوں ضائع کیاگیا؟۔ چیف جسٹس پاکستان اس معاملے کا نوٹس لیں، ایک طرف عمران خان بریت اور دوسری طرف 120 نئی عدالتوں کی بات ہو رہی ہے۔ خصوصی عدالتوں کے ججز کا تقرر حکومت اور وزارت قانون کرتی ہے، اداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیاگیا تو جمہوریت کیسے بڑھے گی؟۔ چیف جسٹس پاکستان اس معاملے کا نوٹس لیں۔ علاوہ ازیں نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں رانا ثناء اﷲ کو 10 نومبر کو طلب کر لیا۔