• news

گستاخانہ خاکے: گوجرانوالہ‘ احتجاجی ریلی‘ کراچی میں جماعت اسلامی خواتین کا مظاہرہ 

گوجرانوالہ/ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار خصوصی) گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ فرانس کے پرچم  جلائے  گئے۔ مقررین نے مطالبہ کیا مذموم حرکت کا اقوام متحدہ اور او آئی سی نوٹس لیں۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف  گوجرانوالہ سنی اتحاد کونسل  نے جامع مسجد نور الاسلام حافظ آباد روڈ سے بائی پاس عالم چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے فرانس کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد اکبر نقشبندی ڈویژنل صدر سرفراز احمد تارڑ مفتی غلام نبی جماعتی صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی اور دیگر نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے ایم پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اظہار رائے کی آزادی نہیں دنیا کی بدترین بدمعاشی اور دہشت گردی ہے۔ عالمی برادری فرانس کے صدر کے شرانگیز اسلام مخالف بیان کا فوری نوٹس لے۔ ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مسلم حکمران ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس سے تعلقات منقطع کریں۔ اوکاڑہ، سیالکوٹ، پسرور، لیہ، رحیم یار خان و دیگر شہروں میں بھی مختلف تنظیموں نے فرانس کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) کراچی کے تحت فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت، ان خاکوں کو سرکاری عمارتوں پر لگانے اور فرانسیسی صدر کی جانب سے توہین ِ رسالت کا ارتکاب کرنے کے خلاف  نیو ایم اے جناح روڈ پر خواتین کا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اظہار عقیدت و محبت کا ثبوت دینے کے لیے شہر بھر کی خواتین ماؤں، بہنوں اور چھوٹی بچیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے مظاہرے سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کراچی کی خواتین نے تحفظ ناموس رسالت کے حوالے سے جمع ہوکر نبی  سے محبت کا ثبوت دیا ہے۔ نبی کریمؐ  سے محبت مسلمانوں کے لیے زندگی کا مرکز ہے۔ نبی کریم  سے محبت ایمان کا لازمی جز ہے۔ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی غیرت کو جگانے کی ضرور ت ہے۔ بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو نبی  کی اسوہ کے مطابق بنائیں۔ فرانس کے سفیر کو فوری ملک بدر ،تمام اسلامی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، حکومت پاکستان او آئی سی کا اجلاس بلائے اور توہین رسالت  کا قانون پاس کروایا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے مزیدکہاکہ آج کے عظیم الشان خواتین مارچ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،کراچی کے عوام نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کی خاطر قربانیاں دی ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پونے دو ارب مسلمانوں کے حکمران امریکہ کے غلام بنے ہوئے ہیں، حکومت پاکستان ٹویٹ اور بیانات سے مسئلہ ختم کرنے کے بجائے توہین رسالت کے مسئلے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے۔ بہت جلد تحفظ ناموس رسالت مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن