ویانا: 6 مقامات پر حملے، 4 ہلاکتوں کی تصدیق، 14 گرفتار، داعش ملوث، وزیر خارجہ آسٹریا: پاکستان کی مذمت
اسلام آباد+ واشنگٹن+ ویانا (سٹاف رپورٹر+ این این آئی)آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایک یہودی عبادت گاہ کے قریب ،پانچ دیگر مقامات پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں پولیس نے دو خواتین اور دو مردوں سمیت چار افرد کی ہلاکت اور 22کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، سات کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ،آپریشن میں 14 مشتبہ افراد کو پکڑ لیا گیا، پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ شہر کے مرکزی شویڈینپلاٹس سکوائر کے قریب پیش آیا۔ سکول ایک ہفتہ بند رہیں گے، حملہ آوروں نے کم سے کم 6 مقامات پر حملہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اس حملے میں 15افرادمارے گئے۔ آسٹریا کے چانسلر سیباسٹیئن کرز نے ٹوئٹر پرکہا دہشتگرد حملے کے منصوبہ سازوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے گی۔ پاکستان نے ویانا میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے آسٹریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ مارا گیا حملہ آور داعش میں شمولیت کیلئے شام گیا اور سزا یافتہ تھا۔ عمر 20 برس تھی۔ وہ آسٹریا اور مقدونیہ کی دوہری شہریت رکھتا تھا۔ فرانسیسی صدر میکرون ‘جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے مذمت کرتے ہوئے کہا مشکل گھڑی میں آسٹریا کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس نے بھی حملوں کی مذمت کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مارا گیا حملہ آور داعش کا رکن تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویانا میں ہونیوالے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیادت کی جانب سے آسٹریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ بے گناہ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات انتہائی افسوس ناک ہے‘ دہشتگردی کے اس واقعہ کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس ہے۔ پاکستان ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کے خلاف دہشت گرد حملوں کو روکنا چاہئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے اپنے حالیہ سوشل میڈیا پیغام میں ویانا حملے کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں امریکہ آسٹریا‘ فرانس سمیت یورپ کے ساتھ کھڑا ہے۔