ایل او سی پر بھارتی فائرنگ، شہری زخمی، پاک فوج کی جوابی کارروائی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جس سے 45 سالہ مقامی شہری زخمی ہو گیا۔ جواب میں پاک فوج نے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر باگسر سیکٹر کے علاقے پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 45 سالہ مقامی زخمی شہری کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ پاک فوج نے پاکستانی علاقوں میں فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔