• news

50 کروڑ کا سکالر شپ فنڈ، ہر سال ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ منائیں گے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہر مسلمان کی بے حد جذباتی وابستگی ہے۔ اللہ کے نبیؐ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے اور ہر مسلمان اس محبت کو جان و دل سے مقدم جانتا ہے۔ پریس کانفرنس میں عثمان بزدار نے کہاکہ مغرب کو یہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ مسلمان جان تو قربان کر سکتا ہے لیکن پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کر سکتا۔ کچھ عرصہ قبل ناروے میں ناہنجار کارٹونسٹ نے آزادی اظہار کے نام پر ناپاک جسارت کی۔ ڈنمارک اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے مکروہ اقدامات کئے گئے- فرانس میں طلبا کو زبردستی آزادی اظہار کے نام پر دل آزاری کرنے والے خاکے دکھائے گئے او ربلاشبہ یہ دل آزاری کرنے والے شر انگیز اقدامات ہیں- آزادی اظہار کے نام پر کی جانے والی مذموم حرکتیں قطعی طور پر ناقابل برداشت ہیں اور ہم ایسے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں- اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دنیا بھر میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر انبیاء کرام کے بارے میں گستاخانہ اور مذموم حرکتوں جیسے توہین آمیز اقدامات پر پابندی عائد کی جائے- اس مذموم حرکت پر میرا دل بہت رنجیدہ ہے- اگر ہولوکاسٹ پر بات کرنے سے کسی کی دل شکنی یا جذبات مجروح ہوتے ہیں تو پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کو بے دردی سے بار بارکیوں مجروح کیا جا رہا ہے- او آئی سی اور دیگر ادارے بھی اس پربھرپور رد عمل کا اظہار کریں تاکہ کسی شرپسند کو دوبارہ یہ حرکت کرنے کی جرأت نہ ہو- فرانس میں ہونے والی اس مذموم حرکت اور فرانسیسی صدر کے قابل مذمت بیان کا بھرپور جواب دینے کیلئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ سرکاری سطح پر منایا جائے گا اور اس ہفتے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس کو بیان کرنے کیلئے مختلف تقریبات ہوں گی-تقریبات کا آغازالحمراء لاہور میں نعتیہ مشاعرے سے ہوگا۔ لاہور میں محفل سماع بھی منعقد کی جائے گی، جس میں ملک کے نامور قوال شرکت کریں گے-پنجاب میں پہلی عالمی علماء و مشائخ کانفرنس منعقد ہوگی جہاں بین الاقوامی شہرت یافتہ علماء اور مشائخ مقالہ جات پیش کریں گے- وزیراعلیٰ نے پنجاب میں50 کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈ سے رحمۃ للعالمین سکالرشپ کے اجراء کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ25 کروڑ روپے کی رقم سے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو وظائف دئیے جائیں گے-صوبہ بھر میں میٹرک پاس کرنے والے غریب اور نادار طلبہ کو مزید پڑھائی کیلئے 25 کروڑ روپے کے رحمۃ للعالمین سکالرشپ بھی دیئے جائیں گے اور ان طلبہ اور طالبات کی فیس اور رہائش کیلئے مالی معاونت کی جائے گی- ہر سال ربیع الاول میں 50 کروڑ کے ابتدائی فنڈ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا-  محکمہ ہائر ایجوکیشن کے زیراہتمام سکالرز کیلئے یونیورسٹیوں میں رحمت اللعالمین چیئرز قائم کی جا رہی ہیں-سکالرز کو اسلامی دنیا کے بہترین اداروں میں نبی کریم ؐ کی سیرت پر ریسرچ کیلئے سکالر شپ دئیے جائیں گے- سیرت النبی ؐپر تقریری مقابلے کرائے جائیں گے- جیتنے والے طلبا و طالبات کو اسناد اور نقد انعامات دئیے جائیں گے-سیرت النبی  ؐ کو اجاگر کرنے کیلئے اسلامی خطاطی کے مقابلے میں ملک بھر سے خطاط حضرات کو مدعو کیا جائے گا- محسن انسانیت حضرت محمد  ؐ کی حیات مبارکہ پر مختصر دستاویزی فلمیں بنائی جائیں گی- بہترین ڈاکومنٹری کو ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر انگلش اور فرنچ سب ٹائٹلز کے ساتھ نشر کیا جائے گا- مقابلے کے ونر پروڈیوسر کو اسناد اور نقد انعام دیا جائے گا-  ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ کی تقریبات کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی-وزارتی کمیٹی میں صوبائی وزیر اوقاف پیرسیدسعید الحسن شاہ، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور دیگر شامل ہوں گے-اگلے ہفتے سے ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگا-تمام انتظامات کو خود مانیٹر کروں گا-ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے- میری ملاقات  ارکان  اسمبلی سے ہوتی رہتی ہے-گزشتہ روز بھی رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا سے ملاقات ہوئی-میں سب کو ساتھ لیکر چلتا ہوں- انہوں نے کہاکہ ریاست کے خلاف کوئی بھی اقدام ناقابل برداشت ہے- ہم سب پاکستانی ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں- عثمان بزدار نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کارات گئے بغیر پروٹوکول دورہ کیا- عثمان بزدارنے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا-شہریوں اور تاجروں کی شکایات اور منصوبے میں تاخیر پر چیف انجینئر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے اور ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے - وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دیکھ کر قریبی مارکیٹ کے دکاندار اور تاجرب ھی سائٹ پر آ گئے- تاجروں اور دکانداروں نے ایل ڈی اے اور واسا کے خلاف شکایات کیں- ایک تاجرنے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ دکانوں کے سامنے گندگی اور پانی کھڑا ہے، کاروبار کیسے کریں؟ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایل ڈی اے اور واسا حکام کے رویئے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایل ڈی اے اور واسا حکام کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں، ہر کام وزیراعلیٰ خود آ کر دیکھے گا۔ شہریوں کے ساتھ سرکاری افسروں کے بے اعتنائی کا رویہ اختیار کرنے پر بے حد دکھ ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ تاجر بے فکر رہیں، میں آپ کے ساتھ ہوں ۔آپ کا مسئلہ میں خود ذاتی دلچسپی سے حل کراؤں گا۔ ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کر یں گے۔ بہت برداشت کر لیا، اب کوتاہی اور سستی قطعا قبول نہیں۔وزیراعلیٰ  نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کی تکمیل کی حتمی ڈیڈ لائن مانگ لی- وزیراعلی عثمان بزدار نے سائٹ پر تعمیراتی کام کا معائنہ کیا-وزیراعلیٰ نے کہاکہ مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر انڈر پاس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔عثمان بزدار سے  معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی ،جس میں قومی اداروں کے خلاف مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے چلائی جانے والی مہم کی شدید مذمت کی گئی-وزیراعلیٰ  نے وزیراعظم عمران خان کے پاکستان دوست بیانیے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں جاری فلاحی منصوبوں کو بھی موثر انداز سے عوام کے سامنے لایا جائے- انہوں نے کہاکہ 2برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں-ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اوران کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔ عوام کے حقوق کا نگہبان ہوں ،کسی کو عوام کے مفادات پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوںگا۔ اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے-ہر سطح پر اپنے اداروں کا دفاع کریں گے- اپوزیشن جماعتوں کا پاکستان مخالف بیانیہ پٹ چکا ہے-ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے عوامی فلاح کے کاموں کو بہترین طریقے سے اجاگر کیا جائے گا-سیاسی یتیم پاکستان کے اداروں کے خلاف منظم مہم چلا رہے ہیں-قومی اداروں کے خلاف پراپیگنڈا ملک دشمن عناصر کا ایجنڈا ہے-اپوزیشن جماعتیں ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہیں-  عثمان بزدار نے سینئر صحافی دانشور اور شاعر سعود ساحر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ عثمان بزدار نے  کہا کہ کرونا کے مرض سے بچاؤ کیلئے مزید احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے عوام کا ہر سطح پر بھرپور تعاون  بے حد ضروری ہے ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی ضروری ہے ماسک پہننے کی پابندی پر عمل شہریوں کو کرونا سے محفوظ رکھے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن