اداروں کیخلاف زہر اگلنے والے بیرونی آلہ کاروں کو بے نقاب کریں گے: فردوس عاشق
لاہور (نیوز رپورٹر) اہم ریاستی اداروں کے خلاف زہر اگلنے والے مٹھی بھر بیرونی آلہ کاروں اور انکے سہولت کاروں کو عوام کی مدد سے بے نقاب کریں گے۔ عوام اور میڈیا ملک دشمن عناصر کو خوب سمجھتے ہیں اور لوٹا مال بچانے کیلئے ان کی سب تدبیریں ناکام ہو چکی ہیں۔ ظل سبحانی کی راج کماری اقتدار سے باہر یوں تڑپ رہی ہے جیسے مچھلی پانی سے باہر تڑپتی ہے۔ جلسے جمہوریت کا حسن ہیں لیکن ملک دشمنی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ فردوس عاشق اعوان کا مذید کہنا تھا کہ انکی تقرری کی خبر اپوزیشن پر بھاری بم بن کرگری جس کا دھواں اب تک اٹھ رہا ہے پھر بھی وہ اپوزیشن کو’’برنال‘‘ آفر کرتی ہیں اور انکے زخموں پر مرہم رکھنے کو تیا رہیں۔ کیونکہ ہم سب کو مل کر عوامی مسائل حل کرنا ہوں گے۔ کسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کاشتکاروں کو مزید ریلیف فراہم کریں گے۔ بے گھر صحافیوں کیلئے گھروں کا مسئلہ حل کرنے کیلئے صوبے بھر میں صحافی کالونیز بنانے کی پالیسی لا رہے ہیں۔ ہماری پالیسی ہے کہ صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں، پریس کلبز اور باڈیز کو ساتھ لیکر چلیں اور صحافیوں کے مسائل حل کریں۔ محکمہ اطلاعات کو دورحاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ صحافیوں اور محکمہ اطلاعات کے نمائندوں کی استعدکار میں اضافے کیلئے Digital Communication Academy ایک سنگ میل ثابت ہو گی۔