• news

کرونا: مزید18اموات‘1313نئے کیس وزیر اعظم کی این سی او سی کوضروری گائیڈ لائن جاری کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ، وقائع نگار خصوصی) کرونا وائرس سے مزید 18 افراد جاں بحق ہو نے  کے بعد اموات کی تعداد6 ہزار867  ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ37 ہزار573  ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار313  نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 5 ہزار 197، سندھ میں ایک لاکھ 47 ہزار 295، خیبر پختونخوا میں39 ہزار 889، بلوچستان میں16 ہزار، گلگت بلتستان میں4 ہزار 306، اسلام آباد میں 20 ہزار471 جبکہ آزاد کشمیر میں4 ہزار415 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 45 لاکھ41 ہزار392 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کو بدھ کے روز بتایا گیا کہ COVID-19 کی دوسر لہر میں مثبت کیسسز کے تناسب کی شرح اور اس کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلائو  اور زیادہ خطرہ والے علاقوں میں حفاظتی اور صحت کے رہنما خطوط پر عمل درآمد کیلئے وبائی چارٹ کے اعداد و شمار اور سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ امریکہ93 لاکھ 82 ہزار79 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارت 83لاکھ 13ہزار876  مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور برازیل 55لاکھ 66ہزار 49 مصدقہ کیسز کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ روس میں مصدقہ کیسز کی تعداد16لاکھ 61 ہزار96 اور فرانس میں 14لاکھ 61ہزار 391جبکہ سپین میں مصدقہ کیسز کی تعداد 12لاکھ 59ہزار366  تک پہنچ گئی ہے۔ فرانس میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ملک میں اب تک مہلک وائرس سے 38 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بدھ کو فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 1502763افراد متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق فرانس کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج مزید854 افراد کرونا وائرس کی وبا سے ہلاک ہوگئے۔ فرانس میں اس وقت کرونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 1343760ہے۔ حکام کے مطابق حکومت کی جانب سے ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوبارہ نفاذ کے باوجود کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ فرانس میں کرونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 38289 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعظم کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں عمران خان نے این سی او سی کوکرونا پر ضروری گائیڈ لائنز کے اجرا کی ہدایت کرتے ہوئے کہا وبا بڑھنے کے پیش نظر ہسپتالوں کی استعداد کار بہتر بنائیں، این سی او سی فریقین کی مشاورت سے مستقبل کا کورس ترتیب دے۔ وزیراعظم نے صحت کے تحفظ کیلئے بروقت اقدامات پر این سی اوسی کی تعریف کی۔ اجلاس کے اعلامیے میں قومی رابطہ کمیٹی نے این سی اوسی کے حالیہ اقدامات کی تائید کرتے ہوئے این سی سی کے ماسک کے استعمال اور مارکیٹس بندش کے اوقات میں کمی کی توثیق کردی۔ قومی رابطہ کمیٹی این سی سی کی ریسٹورینٹ، شادی ہال، سمارٹ لاک ڈا ون کے فیصلے کی بھی توثیق کی۔ وزیراعظم نے وبا پر قابو اور شہریوں کے رہن سہن میں توازن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا وبا بڑھنے کے پیش نظر ہسپتالوں کی استعداد کار بہتر بنائیں۔ عمران خان نے ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے آلات کی دستیابی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا این سی اوسی فریقین کی مشاورت سے مستقبل کا کورس ترتیب دے۔ وزیراعظم نے این سی اوسی کو کرونا پر ضروری گائیڈ لائنز کے اجرا کی ہدایت کردی۔

ای پیپر-دی نیشن