• news

ہاکی لیجنڈ و سابق کپتان اولمپیئن عبدالرشید جونیئر انتقال کر گئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) ہاکی لیجنڈ و سابق کپتان اولمپیئن عبدالرشید جونیئر79برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اولمپیئن عبدالرشید جونیئر کے انتقال پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل اولمپیئن آصف باجوہ نے انکے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور ہاکی کیلئے خدمات ہمیشہ یار رکھی جائیں گی۔وہ اپنے دور کے بہترین سینٹر فاروڈ رہے۔انہوں نے 1968 اولمپک  میں گولڈ‘ 1972 اولمپک میں سلور اور 1976 اولمپک میں برونز کا سیٹ مکمل کرنے والے منفرد اولمپیئن کی حیثیت سے سامنے آئے۔ 1968 اور 1972 اولمپک میں سب سے زیادہ گول سکور کرنیوالے کھلاڑی کے طور پر بھی نمایاں کارکردگی سامنے آئی۔ انہوں نے 1971 کے ہاکی ورلڈ کپ میں بھی فاتح پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی۔ ہاکی سے ریٹائرمنٹ کے وقت سب سے زیادہ 96 گول سکور کرنے والے پاکستانی اولمپیئن کے طور پر بھی پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔

ای پیپر-دی نیشن