• news

پاکستان کا کرونا وائرس کی ممکنہ ویکسین کی خریداری  کا فیصلہ، وزیراعظم سے اجازت لی جائیگی

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان نے کرونا وائرس کی ممکنہ ویکسین کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم سے اجازت لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے کرونا وائرس کی ممکنہ ویکسین کی خریداری کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان ممکنہ کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وزارت قومی صحت نے وزیراعظم عمران خان کے نام مراسلہ لکھا ہے، جس میں کرونا ویکسین کی بکنگ کرانے کیلئے وزیراعظم سے اجازت طلب کی گئی ہے۔  وزارت صحت نے کرونا ویکسین کیلئے 100 ملین ڈالر مختص کرنے اور ایک کروڑ شہریوں کیلئے کرونا ویکسین بکنگ کی تجویز دی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے کرونا ویکسین کی ہنگامی بنیاد پر بکنگ ناگزیر ہے، ہیلتھ ورکرز، ضعیف شہریوں کیلئے کرونا ویکسین کی دستیابی ضروری ہے، پہلے فیز میں ویکسین ہیلتھ ورکرز، ضعیف شہریوں کیلئے دستیاب ہوگی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر کرونا ویکسین کی تیاری فیز تھری میں داخل ہو چکی ہے، تمام ممالک کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرارہے ہیں، کرونا ویکسین 2021 کی پہلی یا دوسری سہ ماہی میں دستیاب ہوگی۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ویکسین کی مفت، رعایتی خریداری کیلئے رابطہ کیا ہے، گاوی سے ویکسین 2021 کے آخرمیں ملنے کا امکان ہے، کرونا ویکسین کی بکنگ کا معاملہ این سی او سی میں زیر بحث آ چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن