بوسنیا کے صدر کی ملاقات، محبت کے مظبوط رشتے پر فخر ہے: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے برادر ملک بوسنیا ہرزگووینا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ہمیں دونوں برادر ملکوں کے عوام کے درمیان محبت کے مضبوط رشتے پر فخر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے بوسنیا ہرزگو وینا کی پریزیڈنسی کے چئیرمین شفیق جعفر ووچ سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ جنہوں نے گزشتہ روز جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔ معزز مہمان کے جی ایچ کیو پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دوران ملاقات دفاع، مشترکہ منصوبوں، تکنیکی مہارت سمیت دو طرفہ تعلقات کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے موضوع پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ معزز مہمان نے خطہ میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مساعی جاری رکھیں گے۔