چینی سفیر کی ملاقات‘ سی پیک سمیت منصوبے جلد مکمل کرنے کیلئے پرعزم: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نمائندہ خصوصی) پاکستان میں متعین ہونے والے چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، کرونا عالمی وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ کو پاکستان آمد اور بطور سفیر منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ آپ جیسے وسیع تجربے کی حامل شخصیت کی پاکستان میں تعیناتی سے اقتصادیات، انفراسٹرکچر سمیت کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ پاکستان اور چین کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات اور لازوال دوستی کو پوری دنیا جانتی ہے۔ پاکستان اور چین نے ہر مشکل اور کٹھن وقت میں ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی۔ کرونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی بروقت معاونت قابل تحسین ہے جس پر میں آپ کے توسط سے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت سی پیک سمیت باہمی دلچسپی کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت جاری تمام منصوبوں کی تیز تر تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔ چین کے سفیر نونگ رونگ نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے بھی ملاقات کی۔ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خزانہ نے چینی سفیر کو سی پیک کے تحت دونوں ممالک میں بڑھتے معاشی تعاون کے بارے میں بتایا۔ انہوں کہا کہ حکومت کو کمزور معیشت ملی تھی جبکہ کرونا سے قبل بہت بہتر استحکام حاصل کیا گیا۔ چینی سفیر نے پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات پائیدار دوستی اور بھائی چارے کی مثال ہیں۔ مشیر خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ ان کے دور تعیناتی میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔