ہر کلمہ گو کو عوت و تبلیغ کا عظیم کام کرنا ہے: مولانا نذرالرحمن
لاہور/ رائے ونڈ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع رائے ونڈ میں امیر جماعت مولانا نذر الرحمن کے ابتدائی بیان سے شروع ہوگیا ہے۔ تاہم قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ بیان میں امیر جماعت مولانا نذرالرحمن نے کہا ہے کہ دعوت و تبلیغ کا کام عظیم کام ہے۔ انبیاء کرام نے امر بالمعروف ونہی عن المنکر کا پیغام پوری دنیا میں پہنچایا۔ نبی اکرم ﷺ کے بعد اب اس عظیم دعوت کا کام امت کے سپرد ہے۔ ہر کلمہ گو داعی ہے۔ اس کلمے کی دعوت کو پوری دنیا میں پہنچانے کا کام کرنا ہے۔ واضح رہے کہ کرونا وبا کے باعث تبلیغی اجتماع میں کم ازکم تیس ہزار فرزندان اسلام شرکت کرسکیں گے۔ رواں سال بھارتی علماء کے علاوہ غیر ملکی مندوبین اجتماع میں شریک نہیں ہوں گے۔ آج بروز جمعہ بعد نماز فجر مولانا خورشید خطاب کریں گے۔ اس بار ملک بھر میں کرونا وباء کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت اجتماع کو محدود کر دیا گیا جو تین دن کے بعد اختتام پذیر ہوجائے گا۔ محکمہ ریلوے نے بھی ٹرینوں کے سٹاپ بحال کر دیئے ہیں تاکہ رائے ونڈ آنے والوں کو سہولت میسر ہو سکے۔ اس سال انڈیا سے مولانا ابرہیم دیوالہ، مولانا احمد لاٹ، بھائی اسماعیل بنگلور، مولانا حاجی محمد فاروق بنگلور، مولانا اسماعیل دھرا، مولانا عبدالرحمان ممبئی والے پہنچ چکے ہیں۔ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ اے ایس پی ڈاکٹر تنویر رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا آئی جی پنجاب انعام غنی تبلیغی اجتماع کو مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ سرکاری ایس او پیز کی پابندی سینیٹائزر کا استعمال، ماسک لازمی، سماجی فاصلہ کو یقینی بنانے کے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ اجتماع کے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے بعد خاردار تاریں لگا کر پنڈال کی حدود کو سیل کردیا گیا ہے۔