عوامی شکایات پر ڈی سی اوکاڑہ،اے سی دیالپور فارغ، صحت کارڈ کا دائر مرحلہ وار بڑحائیں گے: عثمان بزدار
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکے اوکاڑہ اور دیپالپور کے اچانک دوروںکے موقع پرعوامی شکایات اور فرائض سے غفلت برتنے پر دو افسروںکو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایک افسر کی کارکردگی پر ناراضی کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ اوکاڑہ کے دورے کے دوران خریداری کیلئے آئے لوگوں اور بعض خواتین نے چینی اور گھی کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایات کیں جبکہ اوکاڑہ، دیپالپور روڈ کی مرمت ودیکھ بھال نہ کرنے کے بارے میں عوام نے شکایات کیں۔ عثمان بزدار نے عوامی شکایات اور فرائض سے غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیا ہے اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ عثمان علی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو صبا اصغر علی کو ڈی سی اوکاڑہ کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح دیپالپور شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات اور کرپشن کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی دیپالپور کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اورنگزیب کو اے سی سٹی دیپالپور تعینات کر دیا گیا۔ اوکاڑہ، دیپالپور روڈ کی مرمت ودیکھ بھال میں سست روی پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کی کارکردگی پر اظہار ناراضی کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اچانک دوروں سے اصل زمینی حقائق سے علم ہوتا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کے لیے سہولت بازار لگائے گئے ہیں۔عوام کی نبض سے فیڈ بیک لیتا ہوں۔ افسر، افسر شاہی چھوڑ دے، عوام کی خدمت کو شعار بنائے۔ عوامی خدمت میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں صحت انصاف کارڈ اور غریب افراد کو ملنے والی علاج معالجے کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی۔ حت انصاف کارڈ کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 51 لاکھ سے زائد خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کئے جا چکے ہیں اور ابتدائی طور پر غریب اور مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کئے جا رہے ہیں۔ غریب آدمی کے دکھ اور مشکلات کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے کم کرنا چاہتے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب صحت اور علاج کی بہترین سہولتیں ہر شہری کو میسر ہوں گی۔صحت انصاف کارڈ سکیم میں کسی سطح پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سرکاری ملازمین، مدارس کے طلبا اور اساتذہ، صحافیوں اور دیگر طبقات کو بھی صحت انصاف کارڈ دیئے جائیں گے۔ عثمان بزدار نے اینکر پرسن عمر جاوید کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ شکایات سیل کے وائس چیئرمین ناصر سلمان نے ملاقات کی باہمی دلچسپی اور سیاسی امور پر بھی گفتگو کی گئی عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کیلئے پاکستان کی سالمیت سے کھیل رہی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ اداروں کے خلاف کرپٹ ٹولے کا بیانیہ عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ عثمان بزدار نے سرگودھا میں فیصل آباد روڈ پر میڈیکل کالج کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار سے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفدنے صدر خواجہ جلال الدین رومی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نئی انڈسٹریز کے قیام اور صنعت و تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ڈیرہ غازی خان، تونسہ، وہوا اور سخی سرور میں لنگر خانے قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خواجہ جلال الدین رومی اور دیگر صنعتکار لنگر خانے کھولنے کے انتظامات کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے صنعتکار برادری کاشکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ صدر خواجہ جلال الدین رومی کے مطالبے پر ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس کی تعمیر کا مطالبہ منظور کیا گیا۔ٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس کے قیام کیلئے اراضی کی نشاندہی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مظفر گڑھ میں سپیشل اکنامک زون میںسرمایہ کاروں کو مراعات دیں گے۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ تاجر برادری کیلئے وزیراعلیٰ کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کئے جانے کے باعث کرونا کے مریضوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ رائیونڈ روڈ پر سکول وین کو پیش آنے والے حادثے کے واقعہ پر وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار نے معروف قانون دان منیر اے شیخ کی اہلیہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے عثمان بزدار نے سیالکوٹ کے علاقے میں تین بھائیوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔