نوید عالم نے باضابطہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا
شیخوپورہ(نامہ نگارخصوصی)پرائیڈ آف پرفارمنس قومی ہاکی ٹیم کے سابق کوچ اور اولمپین چیمپئن نوید عالم نے باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے یہ اعلان انہوںنے صوبائی صدر تحریک انصاف اعجاز احمد چودھری کیساتھ ہونیوالی ملاقات کے موقع پر کیا۔ ۔ نوید عالم نے کہاکہ اس وقت وزیراعظم عمران خان ملک وقوم کیلئے امید کی آخری کرن ہیں جو پاکستان کو کرپٹ مافیا سے بچانے کیساتھ ساتھ امت مسلمہ کے لیڈر بن کر اپنا بھرپور کردارادا کررہے ہیںقائدا عظم کے بعد عمران خان کی شکل میں قوم کو ایسا لیڈر میسر آیا ہے جو پاکستان کو ایک حقیقی ،اسلامی ،جمہوری ،فلاحی ریاست بنانے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں‘سیاسی اور عسکری قیادت کا ایک پیج پر آنا بھی ملک وقوم کیلئے نیک شگون ہے اپوزیشن الزام تراشی اور کردار کشی کی سیاست کی بجائے اسمبلی فلور پر مثبت اور تعمیری حزب اختلاف کا کردارادا کرے ۔ تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین الحاج ملک محمد اسلم بلوچ کی پرخلوص دعوت پر کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کو ایسے ہی عوام کے خدمت گزار لوگوں کی ضرورت ہے ۔تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعجاز احمد چودھری نے اولمپین نوید عالم کو تحریک انصاف میں شمولیت پر انکی دستار بندی بھی کی اورکہاکہ قومی ہیروز کا تحریک انصاف میں شامل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ پارٹی قومی ہیروز کی خدمات کا اعتراف کرنے کیساتھ ان کو ملک اور بیرون ممالک عزت دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے ۔اضلاع کی سطح پر ایسی سپورٹ لورز شخصیات کی تحریک انصاف میں شمولیت اس کی عوامی مقبولیت ،نیک سیرت قیادت اور عوامی خدمت کانتیجہ ہے انشاء اللہ ایسے قومی ہیروز کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیںگے۔