• news

راحت فتح علی کے 15 برسوں میں 485 غیر ملکی دورے، سالانہ ٹیکس صرف 51 لاکھ، ایف  آئی اے نے ریکارڈ دیدیا 

لاہور(کامرس رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے 15سال کے دوران بیرون ممالک سفر کے حوالے سے مکمل ریکارڈ فراہم کر دیا۔ گلوکار نے 20 اپریل 2005ء سے17اگست2020ء تک مختلف ممالک کے 485غیر ملکی دورے کئے۔ ایف بی آر نے سفری معلومات ملنے کے بعد آمدن کے حوالے سے تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ایف آئی اے گلوکار راحت فتح علی خان کی کی بیرون ملک سے آمدن کا سراغ لگانے کے لئے پانچ سال کے غیر ملکی دوروں کا سفری ریکارڈ طلب کیا تھا جبکہ ایف آئی اے نے ایف بی آر کو 11صفحات پر مشتمل 15سال کا مکمل ریکارڈ فراہم کر دیا ہے۔  گلوکار راحت فتح علی خان نے آسٹریلیا،کینیڈا، امریکہ، متحدہ عرب امارات ، برطانیہ اور بھارت کے دورے کئے۔ ایف بی آر ذرائع کاکہنا ہے کہ راحت فتح علی خان نے سال 2019ء کے انکم ٹیکس گوشوارے میں سالانہ آمدن ایک کرور 70لاکھ روپے ظاہر کی ہے اور گزشتہ سال مجموعی طو رپر 51لاکھ روپے ٹیکس کی ادائیگی کی۔ ایف بی آر کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق راحت فتح علی خان بیرون اور اندرون ملک پرفارمنس دینے پر غیر معمولی معاوضہ وصول کرتے ہیںجبکہ انہوںنے انکم ٹیکس گوشواروں میں اپنی آمدن کم ظاہر کی ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ راحت فتح علی خان نے ایک ایمسنٹی سکیم سے بھی استفادہ کیا تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن