• news

درآمدہ چینی کی سہولت بازاروں، مارکیٹوں میں فروخت شروع

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب میں درآمد شدہ چینی کی سہولت بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر فروخت شروع کر دی گئی ہے اور 25 ہزار میٹرک ٹن کی پہلی کھیپ میں سے 13ہزار آٹھ سو 75میٹرک ٹن اضلاع کو بھجوائی جا چکی ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت چیف سیکرٹری آفس میں پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، خوراک اور صنعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر صنعت نے کہا کہ اشیاء کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کیلئے صوبے میں سہولت بازاروں کے قیام، چینی اور گندم کی درآمد سمیت دیگر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق آٹا اور چینی کی مقررہ نرخوں پر وافر مقدار میں دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو چینی کی مارکیٹ میں سپلائی کے عمل میں ڈیلرزکو تعاون فراہم کرنے اور اسکی فروخت سے متعلق روزانہ رپورٹ بھجوانے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں۔

ای پیپر-دی نیشن