• news

شجاعت کی طبیعت ناساز‘ سروسز ہسپتال داخل‘ وزیراعلیٰ عیادت کو پہنچ گئے

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ تفصیلی طبی معائنے کیلئے سروسز ہسپتال کا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ان کا کرونا ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہسپتال میں چوہدری شجاعت کی عیادت کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ بھی ہسپتال میں موجود رہے۔ صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا کہ چوہدری شجاعت کو نمونیا کا اٹیک ہوا تھا جس کی وجہ سے سانس کا مسئلہ ہوا، ان کا آکسیجن کا لیول اب ٹھیک ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین کو سینے میں انفیکشن ہے ، ان کے سینے کا ایکسرے اور ای سی جی بھی کی گئی۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ انکی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹروں کو چودھری شجاعت حسین کے بہترین علاج معالجہ کے لئے ہدایات دیں۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی زین قریشی اورصوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے جبکہ رکن قومی اسمبلی سالک حسین اور شافع حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثنا پرنسپل سمز کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت حسین کو سانس لینے میں دشواری آ رہی تھی تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے چودھری شجاعت حسین کو فون کیا‘ خیریت دریافت کی۔ آصف زرداری نے چودھری شجاعت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوسری جانب وزیراعظم کی چودھری شجاعت حسین سے بات نہ ہو سکی۔ وزیراعظم عمران خان نے چودھری شجاعت حسین کے بیٹے شافع حسین کو ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چودھری شجاعت سے عزت اور محبت کا رشتہ ہے۔ چودھری شجاعت حسین کی صحت کیلئے دعاگو ہوں۔ شافع حسین نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے چودھری شجاعت حسین سح بات کرنے کی خواہش کی۔ آکسیجن ماسک کی وجہ سے وزیراعظم سے بات نہ ہو سکی۔ وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری نے سروسز ہسپتال میں مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت کی عیادت کی۔ انہوں نے وزیراعظم کی طرف سے بھی چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی۔ مونس الٰہی ایم این اے نے ٹویٹ پر یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا تھا کہ الحمدللہ وہ خطرے میں نہیں ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین کیلئے دعائوں اور نیک تمنائوں کے اظہار پر پارٹی کارکنوں، سیاسی رہنمائوں، دوست احباب اور اہل وطن سے دلی طور پر اظہار تشکر بھی کیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما  وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی بھی چودھری شجاعت حسین کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت حسین کو تین روز سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔دریں اثناء وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے دوبارہ سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔ اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ یاسمین راشد نے کہا کہ ہسپتال میں ملنے والی سہولتوں کا جائزہ لینے آئی ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن