بلاول نے نواز شریف پر عدم اعتماد کردیا، پی ڈی ایم ذاتی مفاد، اقتدار پرستوں کی بیٹھک: شبلی فراز
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے غیر ملکی نیوز ایجنسیوں کو انٹرویو میں کہا ہے کہ بلاول کا بیان نوازشریف پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ ثابت ہو گیا پی ڈی ایم اقتدار پرستوں کی بیٹھک ہے۔ وزیراطلاعات شبلی فراز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بلاول کا بیان پی ڈی ایم کا بیانیہ ایک نہ ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے پی ڈی ایم رہنمائوں کا باہمی اختلاف ان کے ذاتی مفاد کا ٹکرائو قرار دیا۔ وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کے کامیاب جلسے اور عوامی پذیرائی عمران خان کی قیادت پر اعتماد اور انتخابی فتح کی نوید دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے بھی اپوزیشن کا کھوکلا بیانیہ رد کر دیا ہے۔ دوسری طرف وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپوزیشن کے بیانات پر ردعمل میں کہا ہے کہ مریم نواز کے خطاب کا انداز انتہائی ناشائستہ تھا۔ نواز شریف ملک میں لوٹا کریسی کے بانی رہے ہیں۔ چھانگا مانگا میں رکھے سیاسی رہنماؤں کا واقعہ کیا عوام بھول جائیں گے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کرپشن کے باعث عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔ اپوزیشن رہنما ہمارے جلسوں میں عوام کی شرکت سے بوکھلا چکے ہیں۔ شبلی فراز نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم حکومت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ اتحادیوں سے بڑا اچھا تعلق ہے۔ اتحادی جماعتوں کے رکن کابینہ میں شامل ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ حکومت دباؤ میں آ جائے لیکن حکومت دباؤ میں نہیں آئے گی۔ نواز شریف پی ڈی ایم کو ایک بند گلی کی طرف لے گئے ہیں۔ جس بس کے ڈرائیور نواز شریف ہیں اس بس کے مسافر آہستہ آہستہ اتر رہے ہیں۔ مریم نواز نے اپنے ہی ترجمان محمد زبیر کی وضاحت مسترد کی۔ مسلم لیگ ق کی پنجاب میں کوئی شکایت نہیں۔ نواز شریف نے جو تقاریر کیں اس کو ان کی اپنی پارٹی میں قبول نہیں کیا گیا۔ اپوزیشن نے الیکشن کمشن میں کوئی درخواست بھی نہیں دی۔