• news

عمران کے ہوتے کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا رات گئے دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل روڈ، گلبرگ، شادمان، مزنگ، فیروز پور روڈ اور دیگر علاقوں میں شہری سہولتوں کا جائزہ لیا۔  قذافی سٹیڈیم سے قرطبہ چوک تک میٹروبس سروس کے روٹ کا بھی معائنہ کیا۔ میٹرو بس سروس کے بعض سٹیشن پر لائٹس کی بندش پر برہمی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ نے تمام سٹیشنز اور میٹرو بس سروس کے روٹ پر لائٹس کو فنکشنل رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ بعض سٹیشن پر لائٹس کی بندش پر ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے بعض علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صفائی کے انتظامات کو مزید بہتربنایا جائے۔ صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سرکاری فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں۔ آئندہ بھی اسی طرح سرپرائز وزٹ کروں گا اور شہری سہولتوں کے محکموں اور اداروں کو عوامی توقعات پر پورا اترنا ہو گا۔ سردار عثمان بزدار سے  وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم کے ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ اور ٹائیگرز فورس کے امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ عثمان بزدار اور عثمان ڈار نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اداروں کے خلاف بیان بازی کی مذمت کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو با اختیار بنایا ہے۔ نوجوانوں پر سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل کو روشن بنائے گی۔ سابق دور میں حکمرانو ں نے نوجوانوں کو نظرانداز کیا۔ ماضی میں کسی حکومت نے نوجوانوں پر اتنی بڑی سرمایہ کاری نہیں کی جتنی تحریک انصاف کے مختصر دور میں ہوئی ہے۔ اپوزیشن کا شرانگیز بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے۔ ملکی وقار کے منافی رویے کی وجہ سے اپوزیشن اتحاد کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والوں کو پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور آئندہ بھی یہ عناصر ناکام رہیں گے۔اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا اوریہ پاکستان کو کمزور کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں۔ عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کے دل کی آواز  ہیں۔اپوزیشن جو مرضی کر لے، لوٹ مار کا حساب دینا ہی پڑے گا۔پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے چوروں اور لٹیروں کا احتساب ضروری ہے۔ عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار اور شاہ محمود قریشی نے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم مہم کی شدید مذمت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور قومی اداروں کے وقار پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پاکستان کے ادارے سب کے لئے قابل احترام ہیں۔ مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے۔ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے شہریوں کو سختی کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن