محکمہ توانائی صوبے میں توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے پر توجہ دے:وزیر خزانہ
لاہو(کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ پنجاب میں پاک چائنا اقتصادی راہداری کے تحت منصوبہ جات میں چائنا سے سرمایہ کاری کی بجائے تحقیق اور تکنیک کا حصول کو سر فہرست رکھا جائے گا۔ صنعت اور زراعت کے شعبہ میں چین کے تجربات اور جدیدٹیکنالوجی پیداوار میں اضافے کو یقینی بنائیں گے۔ محکمہ توانائی قومی سطح کے پاور پلانٹس کی بجائے صوبے میں توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے پر توجہ دے۔ صنعتی زونز، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور واساز کو مناسب نرخوں پر بجلی کی فراہمی محکمے کا اصل وظیفہ ہے۔سی پیک کے تحت سماجی و اقتصادی منصوبہ جات میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبہ جات پر وزیر اعلیٰ کی تشکیل کردہ کابینہ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر برائے توانائی ڈاکٹر اختر ملک، صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ شیخ حامد یعقوب، چیف اکانومسٹ ڈاکٹر امان اللہ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔