• news

سپریم کورٹ نے مردان میں 350 روپے فی مرلہ زمین ایکوائر کرنے سے متعلق واپڈا کی اپیل مسترد کر دی

اسلام آباد (اے پی پی):سپریم کورٹ نے کے پی کے علاقہ مردان میں شہری کی زمین 350 روپے فی مرلہ ایکوائر کرنے سے متعلق واپڈا کی جانب سے دائر  اپیل مسترد کر دی ہے ،عدالت عظمی نے واپڈا کو  شہری وحید کو 4 ہزار روپے فی مرلہ ادائیگی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ جمعہ کو  جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی ۔ دوران سماعت جسٹس سجاد علی شاہ نے واپڈا کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کیا یہ ظلم نہیں کہ واپڈا کسی شہری کی آبائی زمین 350روپے مرلہ ایکوائر کر لے ، اتنے میں تو کسی ریسٹورنٹ میں ایک کپ چائے آتی ہے ، عدالت کے پاس علاقے میں فی مرلہ 17 ہزار روپے ریٹ کی رپورٹ آئی ہے،پشاور ہائیکورٹ نے چار ہزار روپے فی مرلہ ریٹ طے کیا واپڈا کو اس پر بھی اعتراض ہے ، واپڈا اب اس کے خلاف بھی اپیل میں آ گیا ہے . دوران سماعت واپڈا کے وکیل شاکر اللہ آفریدی نے موقف اپنایا کہ مذکورہ بالا زمین بنجر تھی، واپڈا نے اسے بارانی بنایا ہے، علاقے میں زمین کا ریٹ ایسا ہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن