گستاخانہ خاکوں پر مظاہرے جاری مزہبی جماعتوں کا یوم احتجاج ملعونوں کیخلاف قراردادیں یہ آزادی اظہار نہیں اسلامی دنیا پر یلغار بنے قائدین
لاہور/ گوجرانوالہ/ حافظ آباد/ شیخوپورہ/ پنڈی بھٹیاں/ چنیوٹ/ بھکر/ ہارون آباد/ نور پور تھل/ واربرٹن/ سانگلہ ہل (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان+ نامہ نگاران) لاہور‘ گوجرانوالہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کیخلاف احتجاج جمعہ کے روز بھی جاری رہا۔ مختلف مذہبی جماعتوں‘ تنظیموں‘ تاجروں کی جانب سے یوم احتجاج منایا گیا‘ ریلیاں نکالی گئیں‘ مارچ اور مظاہرے کئے گئے۔ شرکاء نے فرانس کے پرچم اور میکرون معلون کی تصاویر جلائیں۔ لاہور خصوصی نامہ نگار کے مطابق فرانس میں توہین آمیز خاکوں کے خلاف جمعہ کے روز بھی جماعت اہلحدیث کا احتجاج جاری رہا۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے مدینہ کا بدرِ منیر ہمیشہ ہمیشہ اپنی نورانی کرنوں کے ساتھ چمکتا دمکتا رہے گا۔ چوک دالگراں میں خطاب کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا گستاخی کرنے والوں کو سزا دی جانی چاہیے۔ عالمی عدالت میں، ایسے مجرموں کو بین الاقوامی مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں لگام ڈالنا انتہائی ضروری ہے، جبکہ نیشنل مشائخ کونسل کے زیر اہتمام پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صدر خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے کی۔ ریلی میں مریدین کی کثیر تعداد موجود تھے جنہوں نے پلے کارڈز اور فلیکس اٹھارکھے تھے سیکڑوں گاڑیاں بھی ریلی کا حصہ تھیں۔ شاہدرہ کے مقام پر خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلمان باہمی مسائل کا شکار ہوں بھی تو ناموس رسالت پر یکجان ہوتے ہیں، حکومت پاکستان فوری طور پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرے اور عوام فرانسیسی مصنوعات کاپوری دنیا میں بائیکاٹ کریں۔ ریلی کے اختتام فرانسیسی پرچم اور فرانسیسی صدر کی تصاویر نذر آتش کی گئیں۔ اس طرح تحریک لبیک یا رسول اللہ اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام ملک میں یوم تحفظ ناموس رسالت منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملتان، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، کراچی، مظفر گڑھ، کوئٹہ، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں خطباتِ جمعۃ المبارک کے موقع پر ہزاروں خطباء نے تحفظ ناموس رسالت کے موضوع پر خطاب کیا۔ نماز جمعہ ادا کرنے والوں نے لبیک یا رسول اللہ، گستاخ رسول کی ایک سزا سر تن سے جدا سر تن سے جدا کے نعرے لگائے۔ سربراہ اور تحریک صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کاکہنا تھا کہ حکومت پاکستان ،فرانس کا فی الفور بائیکاٹ کرے۔ یہ آزادی اظہار نہیں پوری اسلامی دنیا پر یلغار ہے۔ میکرون ملعون کا منہ بند کرنے کیلئے ہمیں جو بھی قیمت چکانی پڑی چکائیں گے۔گستاخان رسول کو بھگانے سے حکمرانوں کو خود بھی بھاگنا پڑے گا۔ مزید برآں جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر مساجد میں علماء نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف یوم احتجاج منایا۔ مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں علماء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فرانسیسی مصنوعات پر مکمل پابندی لگائے اور فرانس کے سفیر کو فی الفور ملک بد ر کرے، یو این او تماشا دیکھنے کے بجائے قانون بنائے جس میں ہر پیغمبر کی شان میں گستاخی کو جرم اور اس کی سزا موت مقرر کرے مختلف مساجد میں جمعہ کے اجتماعات سے مولانا محمد امجد خان ،مولانا نعیم الدین ،مولانا محب النبی،مفتی عبدالحفیظ ،مفتی محمد عقیل ،مفتی عزیز الرحمن ،مولانا قاری امجد سعید ،مولانا عبدالودود شاہد ،حافظ غضنفر عزیز ،حافظ نصیر احمد احرار ،قاری شبیر احمد عثمانی ،مفتی بشیر یوسف زائی ،مولانا حنیف الحق ،قاری عمران راحیمی ،مولانا صاحبزادہ فصیح الدین سیف،حافظ عبدالصمد ،حافظ محمد طیب مدنی،مولانا عبدالوحد،قاری بدرالدین اور دیگر نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان ہر بات برداشت کر سکتا ہے لیکن اپنے نبیؐکی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کرسکتاتحریک دعوت حق پاکستان کی اپیل پر جمعہ کے روز ملک بھر میں فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے کیخلاف یوم احتجاج منایا گیا ،مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروں میں علما نے احتجاجی قرار داد یں منظور کرائیں جس میں فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر نے کا مطالبہ کیا گیا لاہور میںتحریک دعوت حق کے امیر علامہ محمد اصغر نورانی ودیگر نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضور اکرم کی عزت وعظمت کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض اور اس کی پہچان ہے۔ جے بلاک ماڈل ٹائون میں جماعت اہلحدیث پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہ شاہد روپڑی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا عالم اسلام کو اس حوالے سے فوری جرات مندانہ موقف دنیا کے سامنے لانا چاہئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اس حوالہ سے بیرسٹر پیر سید محمد وسیم الحسن، مولانا فیصل ندیم کیلانی، مولانا رانا اصغر چشتی اور سنی تحریک کے صوبائی رہنما محمد عثمان حیدر نقوی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا۔ شہر بھر کی دیگر مساجد میں بھی فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر میکرون کے خلاف مذمتی قرار دادیں پاس کی گئیں۔بھکر سے نامہ نگار کے مطابق ڈائریکٹر یونیورسٹی آف سرگودہا بھکر کیمپس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کیمپس میں ریلی نکالی طلباء و طالبات اور سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔ایڈمن بلاک سے مین گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور فرانس کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق ہارون آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی فوارہ چوک پر آکر اختتام پذیر ہوئی ریلی میں شریک شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جن فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف نعرے درج تھے ۔چنیوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گستاخی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے گڑھ چوک سے ختم نبوت چوک تک احتجاجی ریلی نکالی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فرانس کے صدر اور گستاخانہ خاکے بنانے والے ملعون کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے فرانس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔ شیخو پورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے زیر اہتمام بعداز نماز جمعہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت مولانا امتیاز احمد کاشمیری ،محمدزبیر گادھی ،مولانامنیر احسن گادھی ،قاری محمد الیاس ، مفتی سلطان معاویہ، محمد کاشف، محمداختر معاویہ ،مولانا عبیدالرحمن ،مولانا محمدانورسمیت دیگر علماء کرام نے کی مظاہرین نے فرانسیسی صدر کیخلاف نعرے بازی کیساتھ اس کا پتلا بھی نذر آتش کیا گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق واپڈا ٹاؤن جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی نائب ناظم حمیرا عزیز ظل ہما نے کی مظاہرے میں خواتین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے تھے جن پر تحریر تھا غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے۔ پاکستان سنی تحریک حلقہ پی پی 55 کے زیر اہتمام بھی گستاخانہ خاکوں کے خلاف ریلی نکالی گئی ڈویژنل صدر علامہ طاہر رضا قادری نے ضلعی صدر ڈاکٹر حبیب الرحمان نے خطاب کیا۔ پاکستان تحریک کے ملک گیر احتجاج ریلیاں سیمینار جلسے جلوس جبکہ ناموس رسالتؐ کے عنوان پر ملک گیر خطبات جمعہ دیئے گئے گوجرانوالہ میں کھیالی بائی پاس سے شاہ پور بازار تک یوم عشق رسول مارچ کیا گیا جس میں سٹی صدر عطاء الرحمان صافی اراکین رابطہ کمیٹی محمد فائق قادری محمد یعقوب و دیگر رہنماؤں نے خطابات کئے۔ گوجرانوالہ میں سنی اتحاد کونسل نے بھی احتجاجی مارچ کیا جس کی قیادت ڈویژنل صدر سرفراز احمد تارڑ نے کی۔ اس موقع پر سرفراز احمد تارڑ پروفیسر نذیر احمد چیمہ مولانا محمد اکبر نقشبندی صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی اور دیگر نے خطاب کیا۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اہلسنت انجمن غوثیہ تحریک لبیک و دیگر سنی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ علامہ نور احمد حیات علامہ شاہد محمود چشتی‘ شیخ عبدالخالق قادری‘ حافظ محمد اسماعیل الیاس‘ چودھری بابر شفیق آرائیں نے خطاب کیا ۔شورکوٹ سے نامہ نگار مطابق انجمن تاجران شورکوٹ اور مختلف مکاتب فکر کے زیر اہتمام ناموس رسالت ﷺ کے سلسلے میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں،مہتمم جامعہ عثمانیہ مولانا زاہدانور ،مفتی نصیرالدین نصیر الحسنی ،سابق ایم پی اے خالدغنی چوہدری ، پروفیسر اقبال حصاری ،مولانا رفیق شورکوٹی ،قاری عمران ،صدر انجمن تاجران یوسف جھنگوی ،صدربار ایسوسی ایشن شورکوٹ شیخ عطاء اللہ ایڈووکیٹ ،ملک آصف یعقوب ایڈووکیٹ سمیت تاجر وں ،علماء کرام ،وکلاء ،سماجی کارکنوں اوشہر یوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔نور پور تھل سے نامہ نگار کے مطابق ملعون ملک فرانس کے خلاف نور پور تھل کی تمام مذہبی جماعتوں،انجمن تاجران،وکلاء کی جانب سے مذمتی ریلی نکالی گئی جس میں فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کے ساتھ ساتھ فراسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا۔ واربرٹن سے نامہ نگار مطابق واربرٹن میں نماز جمعہ کے بعد گستاخانہ خاکوں کیخلاف ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سنی علماء کونسل واربرٹن کے امیر علامہ مولانا محمد اشفاق احمد رضوی، مرکزی انجمن تاجران کے صدر شیخ جمیل احمد جنرل سیکرٹری شہزاد بجاج، ن لیگی ارکان شفیق عباد، شیخ محمود قاضی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شیخوپورہ میں مرکزی انجمن جعفریہ تحفظ عزاداری کونسل شیعہ علماء کونسل امامیہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام تحفظ ناموس رسالت ریلی نکالی گئی جو امام بارگاہ کلاں سے شروع ہوکر ریگل چوک لاہور سرگودھا روڈ اور دیگر شہری علاقوں سے ہوتی ہوئی لاہور روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔سانگلاہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سانگلاہل کی مذہبی جماعتوں،کاروباری تنظیموں اور صحافی برادری کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں لیفٹیننٹ کرنل (ر) امانت علی، جماعت اہل سنت کے صدر شیخ خالد محمود رونقی، انجمن میلاد مصطفیٰ کے صدر پیر محمد ضیاء المصطفیٰ رضوی، جنرل سیکرٹری حاجی محمد امین حبیبی، پیر محمد عاصم ندیم چشتی، سنی تحریک کے صدر سرفراز چشتی، سنی سپریم کونسل کے صدر چوہدری محبوب احمد نمبردار، تحریک لبیک پی پی131کے امیر رانا جماعت علی معصومی، انجمن کاشتکاران پنجاب کے صدر چوہدری حسن جاوید چٹھہ ایڈووکیٹ، انجمن تاجران کے رہنما میاں شفیق الرحمن ونگڑ، ایم ایس ایف کے ضلعی صدرعمران وینس ، وکلا اور مذہبی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔