گرین ٹائون: ماں بیٹی کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا
لاہور (نمائند ہ خصوصی) گرین ٹاؤن کے علاقے باگڑیاں میں ایک گھر سے ماں اور بیٹی کی نعشیں برآمدہوئی ہیں جن کو تیز دھار آلے سے بیدردی سے قتل کیا گیا ہے پولیس نے نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کروادیں۔ بتایاگیا ہے کہ گرین ٹائون کے رہائشی اشرف نے دو شادیاں کررکھی ہیں گزشتہ رات وہ گھر پر موجود نہیں تھا کہ اس دوران اس کی بیوی 36 سالہ نادیہ اور 3 سالہ عروج کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اور نعشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کروادیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کا شوہر ویلڈنگ کا کام کرتا ہے وہ کام سے گھر واپس آیا تو دروازہ کھلا تھا اور اندر بیوی اور بیٹی کی نعشیں صحن میں پڑیں تھیں۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں پولیس کا کہنا ہے کہ فیملی جھگڑا لگ رہا ہے تاہم تفتیش کے بعد حقائق سامنے آئیں گے پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔