• news

بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر‘ امیدوار 50 لاکھ سے زائد نہیں خرچ کر سکے گا 

لاہور (نیوز رپورٹر) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے قوانین جاری کر دیئے ہیں۔ امیدوار انتخابی مہم پر 50 لاکھ سے زائد فنڈز خرچ نہیں کر سکیں گے۔ قوانین کے مطابق لوکل گورنمنٹ کے الیکشن نیبرہڈ اینڈ ویلج پنچایت کونسلز کے برعکس جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ الیکٹورل گروپ کو سیاسی جماعت کا انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا جائے گا۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشنز کے لارڈ میئر کے الیکشن میں اخراجات کی حد 50 لاکھ روپے ہوگی، کونسلر کے لئے 5 لاکھ روپے، میونسپل کارپوریشنز کے میئر کیلئے اخراجات کی حد 20 لاکھ روپے ہوگی، کونسلر کے لئے اخراجات کی حد 3 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ میونسپل کمیٹی، ٹائون کمیٹی کے میئراور تحصیل کمیٹی کے چیئر پرسن کے لئے اخراجات کی حد 5 لاکھ روپے ہو گی، کونسلر کے لئے انتخابی مہم پر اخراجات کی حد 1 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ قوانین کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی فیس میٹرو پولیٹن کارپوریشنز کے لارڈ میئر کے لئے 25 ہزار روپے ہے، کونسلر کے لئے 15 ہزار روپے، میونسپل کارپوریشنز کے میئر کے لئے 20 ہزار روپے فیس، کونسلر کے لئے 10 ہزار روپے، میونسپل کمیٹی، ٹاؤن کمیٹی کے مئیر اور تحصیل کونسل کے چیئر پرسن کے لئے 15 ہزار روپے فیس ہوگی، بلدیاتی انتخابات کے نئے قوانین کے مطابق ایک امیدوار دو کاغذات نامزدگی جمع کرا سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن