• news

بھارتی پراپیگنڈا بے بنیاد‘ پاکستان میں گوردواروں کے انتظامات ہمارے پاس ہیں:  پربندھک کمیٹی

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدیداران نے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے حوالے سے کیا جانے والا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے۔ پاکستان میں موجود تمام گوردواروں کے انتظامات پاکستان کی نمائندہ تنظیم سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پاس ہی ہے۔ 1999کے بعد سے لیکر آج تک تمام گوردوارے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی ہی چلا رہی ہے۔ سابق پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سردار بشن سنگھ، گیانی گوردوارہ جنم استھان سردار بلونت سنگھ، سابق ممبر پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار ترن سنگھ اورجنرل سیکرٹری پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ نے کہا کہ بھارتی حکومت کا سکھ یاتریوں کو ویزے جاری نہ کرنا ہٹ دھرمی ہے۔ مودی سرکاری کرونا کی آڑ میں یاتریوں کو ویزے نہیں جاری کررہی جبکہ پاکستان میں کرونا کی شدت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری سکھ قوم پاکستان آرمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے۔ سیاست اپنی جگہ مگر پاکستان آرمی اور اس کے اداروں کے خلاف بات کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ پاکستان پوری دنیا میں بسنے والے سکھوں کا دوسرا گھر ہے۔ پوری سکھ قوم پاک آرمی اور اس کے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن