اللہ کا پیغام نہ پھیلایا تو روز قیامت ہمارے پاس کوئی حجت نہیں ہوگی مولانا احمد لاٹ
رائے ونڈ (نامہ نگار) سالانہ عالمی بین الاقوامی تبلیغی اجتماع بعد نماز عصر امیر جماعت مولانا نذرالرحمان کے خطاب سے شروع ہوچکا ہے۔ بعد نماز فجر اجتماع میں شریک ہزاروں مندوبینوں کو رشدو ہدایت سے روشناس کراتے ہوئے مولانا احمد لاٹ نے کہا کہ دعوت و تبلیغ عظیم الشان کام ہے۔ اللہ رب العزت کا پیغام نہ پھیلایا تو قیامت کے دن ہمارے پاس کوئی حجت نہ ہوگی۔ انبیا کے بعد دین کا پیغام امر بالمعروف ونہی عن المنکر پہنچانا امت کا کام ہے۔ نبی کریم کا ارشاد مبارکہ ہے جس شخص کی موت اس حال میں ہو کہ وہ اللہ تعالی کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائے اور ناحق کسی کے خون میں ہاتھ نہ رنگے ہوں تو وہ جنت کے دروازوں میں سے جس دروازے سے چاہے داخل کردیا جائے گا۔ اللہ رب العزت نے میری اور آپکی قیامت تک آنے والی نسلوں کی دنیا وآخرت دونوں جہانوں کی کامیابی اپنے پورے دین میں چلنے پر مشروط کر دی ہے۔