عوام نیازی حکومت دیکھ چکے، گلگت بلتستان میں ان کو مسترد کردینگے: مریم نواز
گلگت بلتستان + راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے) مریم نواز نے کہا ہے کہ نیازی حکومت کچھ دنوں کی مہمان ہے ان کاحال عوام دیکھ چکے ہیں اس لئے گلگت بلتستان کے عوام ان کو مسترد کریں گے۔ گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں مریم نواز نے کہا گلگت بلتستان کے ووٹ کو چوری ہونے سے بچانا ہے۔ اس بار عوام اپنے ووٹ کے ذریعے لوٹوں کو ہرائیں گی اور 15 نومبر کو ووٹ کو عزت دے ۔ عمران خان گھبرائے ہوئے ہیں اور انہیں نوازشریف یاد آتے ہیں۔ ووٹ چوری کرنے والوں کے سامنے عوام نے کھڑے ہونا ہے۔ مریم نواز ہفتہ کی دوپہر گلگت بلتستان کے دورے کے بعد نیو اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ پہنچیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی اسی طیارے سے واپس پہنچے۔ ائرپورٹ پر میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور مریم نواز کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ بلاول بھٹو کے بیان کی غلط تشریح کچھ لوگوں کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو، پی پی، میں اور مسلم لیگ ن جانتی ہے یہ کون کرا رہا ہے۔ اسلام آباد ائرپورٹ پر گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مستقبل بدلہ ہوا پاکستان ہے۔ مسلم لیگ ن کا بیانیہ عوام کا بیانیہ ہے۔ نواز شریف کی اصل منزل پاکستان ہے وہ ضرور آئیں گے۔ مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن سے پہلے دھاندلی کی جا رہی ہے۔